قائد اعظم ڈیپارٹمنٹل فٹبال ٹورنامنٹ ،کے آر ایل فائنل میں پہنچ گئی

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) کے ایم سی اسٹیڈیم کے سبزہ زار پر کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل میںکے آر ایل نے سوئی سدرن گیس کمپنی کو شکست دیکر قائد اعظم ڈیپارٹمنٹل فٹبال ٹورنامنٹ کے فائنل میں جگہ بنالی ۔ دونوں ٹیموں کے کھلاڈیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے گراونڈ میں موجود ھزاروں شائقین کو محظوظ کیا ۔ پہلے ہاف کے 17 ویں منٹ میں سوئی سدرن گیس کمپنی کے محمد لعل نے گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی ۔ دوسرے ہاف میں بھی دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پر بڑھ چڑھ کر حملے کئے میچ کے آخری لمحات میں کے آر ایل کے عمیر علی نے 87 ویں منٹ میں خوبصورت گول کرکے سوئی سدرن گیس کمپنی کی امیدوں پر پانی پھیر دیا ۔مقررہ وقت تک مقابلہ ایک ایک گول سے برابر رہا ۔ پینلٹی ککس پر کے آر ایل نے 4-2 سے کامیابی حاصل کر کے فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ کے آر ایل کے گول کیپر نے دو پینلٹی روک کر اپنی ٹیم کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا۔ آج کے میچ کے مہمان خصوصی ممتاز سماجی رہنما قادر نورانی کا میچ سے قبل دونوں ٹیموں کے کھلاڈیوں سے تعارف کرایا گیا۔ دوسرا سیمی فائنل میچ کے پی ٹی بمقابلہ مسلم ٹریڈنگ کمپنی چمن کے درمیان آج کھیلا جائے گا۔