ہاکی ورلڈ لیگ: آسٹریلیا اور بھارت نے سیمی فائنل میں قدم رکھ دیئے

نئی دہلی (اے پی پی) آسٹریلیا اور میزبان بھارت کی ٹیمیں مینز ہاکی ورلڈ لیگ کے سیمی فائنل مرحلے میں پہنچ گئیں۔ آسٹریلیا نے پہلے کوارٹر فائنل میں سپین کو شکست دیکر مینز ہاکی ورلڈ لیگ کے سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کیا جبکہ دوسرے کوارٹر فائنل میچ میں انتہائی سخت مقابلے کے بعد بھارت نے بیلجیئم کو ہرا کر مینز ہاکی ورلڈ لیگ کے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی۔ گزشتہ روز کھیلے گئے پہلے کوارٹر فائنل میچ میں آسٹریلیا کی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سپین کی ٹیم کو ایک کے مقابلے میں چار گول سے شکست دیکر مینز ہاکی ورلڈ لیگ کے سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ دوسرے کوارٹر فائنل میچ میں بھارت کا مقابلہ بیجلیئم سے تھا جس میں سخت مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ میچ کے مقررہ وقت تک دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ 3-3 گول سے برابر رہا تاہم پنالٹی شوٹ آئوٹ پر بھارت نے بیجلیئم کو دو کے مقابلے میں تین گول سے ہرا کر مینز ہاکی ورلڈ لیگ کے سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ ینز ہاکی ورلڈ لیگ کا سیمی فائنل مرحلہ (آج) جمعہ سے شروع ہوگا۔ پہلا سیمی فائنل میچ 8 دسمبر کو جبکہ دوسرا سیمی فائنل میچ 9 دسمبر کو کھیلا جائیگا۔ ٹورنامنٹ کا فائنل میچ 10 دسمبر کو کھیلا جائے گا۔