پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم نے ون ڈے سیریز میں بھی بنگلہ دیش کو وائٹ واش کر دیا
کراچی (سپورٹس رپورٹر) پاکستان ویمن نے بنگلہ دیش ویمن ٹیم کو دوسرے ون ڈے میں 6 وکٹوں سے شکست دے کر ٹی ٹونٹی کے بعد ون ڈے سیریز میں بھی وائٹ واش کر دیا۔ پاکستانی ٹیم نے 124 رنز کا ہدف 39 ویں اوور کی تیسری گیند پر 4 وکٹوں پر پورا کیا۔ کپتان ثناء میر 12 اور عالیہ ریاض 7 رنز بنا کر ناقابل شکست رہیں۔ انعم امین نے تباہ کن بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 7 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا اور میچ کی بہترین کھلاڑی قرار پائیں۔ تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش ویمن ٹیم کی کپتان سلمہ خاتون نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 123 رنز بنائے، عائشہ رحمان 39 اور ریتو مونی 28 رنز بنا کر آئوٹ ہوئیں، سلطانہ 30 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہیں۔ پاکستانی انعم امین نے غیرمعمولی بائولنگ کی اور 7 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں، اسماویہ اقبال نے 3 اور ثانیہ خان نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ جواب میں پاکستانی ویمن ٹیم نے ہدف 38.3 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا۔ بسمہ معروف 41، مرینا اقبال 31، نین عابدی 22 اور جویریہ خان 7 رنز بنا کر آئوٹ ہوئیں۔ کپتان ثناء میر 12 اور عالیہ ریاض 7 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہیں۔