چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی کے خلاف گھیرا تنگ ہونے لگا
لاہور (حافظ عمران/نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد کے خلاف گھیراہر گذرتے دن کے ساتھ تنگ ہو رہا ہے.سبحان احمد اس مرتبہ بھی بچ جائیں گے یا بورڈ آف گورنرز ان پر عدم اعتماد کردے گا یہ سوال گردش میں ہے ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ میں اہم عہدوں پر موجود سینئر افراد کی تنزلی اور انہیں مرحلہ وار پی سی بی سے الگ کرنے اور اپنے من پسند افراد کو اہم عہدوں پر ذمہ داریاں دینے پر ان دنوں خاصی سنجیدگی اور تیزی سے کام ہو رہا ہے۔ انتخاب عالم کو پاکستان کرکٹ ٹیم اور ذاکر خان کو پاکستان کی جونئیر ٹیموں کے منیجر کا عہدہ دے دیا گیا ۔ لیکن تبدیلی کا سفر یہاں ہی نہیں رکا بلکہ کرکٹ بورڈ میں ان دنوں سب سے اہم اور سب سے بڑی تبدیلی پر کام ہو رہا ہے۔ اس سلسلہ میں مختلف آپشنز زیر غور ہیں۔ سبحان احمد کو عہدے سے کیسے الگ کیا جائے، انہیں عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد کی صورتحال کا سامنا کیسے کیا جائے گا، پاکستان کرکٹ بورڈ کے چئیرمین شہریار خان کو اس اہم معاملے پر کس طرح اعتماد میں لیا جائے، سبحان احمد کو کرکٹ بورڈ سے رخصت کیا گیا تو کیا بورڈ انکی طرف سے بعد میں جاری ہونیوالے ممکنہ بیانات کا مقابلہ کر پائے گا؟ ذرائع کا کہنا ہے کہ کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریارخان سبحان احمد کے حمایتی ہیں جبکہ سربراہ ایگزیکٹو کمیٹی نجم سیٹھی ان سے خوش نہیں ہیں۔