پاکستان کے 6 کمسن فٹبالرز فٹبال ورلڈکپ دیکھنے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے

 کراچی(سپورٹس رپورٹر)  پاکستان کے 6 کمسن فٹبالرز برازیل میں منعقدہ عالمی کپ کے تین میچز  دیکھنے اور برازیل  کے  سابق کپتان کافو کی کی نگرانی میں تربیت  حاصل کرنے کے بعد  کراچی  پہنچ گئے۔  وفد میں کراچی  ٹھٹھہ اور مردان  کے 2,2  انڈر 16 فٹبالرز شامل تھے۔ اس  دورے   کا اہتمام  انٹرنیشنل   تنظیم رائٹ   ٹوپلے نے سپریم کمیٹی فارڈیلیوری  اینڈ لیگسی  قطر اور  مرسی کور  کے تعاون  سے کیا تھا۔ پروگرام  کا مقصدورلڈ کپ  2022ء منعقدہ قطر کی تیاری اور تشہیر کرنا تھا۔ ان کمسن فٹبالرز  کے وفد کو  ’’جنریشن  ایمزنگ یوتھ ایمبیسڈر‘‘ کا نام دیا گیا۔ پاکستان کے علاوہ نیپال ‘اردن اور قطر کے  نوجوانوں نے بھی پاکستانی  وفدکے ہمراہ برازیل کا دورہ کیا۔  پاکستانی وفد میں کراچی سے کے ایف یو اولڈگولیمار سینٹر کے فہد حبیب‘ لیاری کی عظمیٰ بانو‘ ٹھٹھہ کے باسط علی اور فائزہ  شاہ جبکہ مردان سے ارحم  خان اور اجلال خان شامل تھے۔