پاکستان اوپن اور ویمن سکواش چیمپئن شپ ایک ساتھ 17 دسمبر کو اسلام آباد میں شروع ہونگی

پاکستان اوپن اور ویمن سکواش چیمپئن شپ ایک ساتھ 17 دسمبر کو اسلام آباد میں شروع ہونگی

اسلام آباد ( سپورٹس رپورٹر)پاکستان سکواش فیڈریشن کے زیراہتمام اور اسلام آباد سیرینا ہوٹل کے اشتراک سے چیف آف ایئر سٹاف انٹرنیشنل ویمن سکواش چیمپیئن شپ اور پاکستان اوپن مینز انٹرنیشنل سکواش چیمپیئن شپ بیک وقت17 دسمبر سے پاکستان سپورٹس کمپلیکس کے مصحف سکواش کمپلیکس اسلام آباد میں شروع ہوں گی ۔25ہزار اور50ہزار ڈالر انعامی رقم کے ایونٹس کے بارے میں اسلام آباد سیرینا ہوٹل میں بدھ کو ایک پریس کانفرنس منعقد ہوئی۔ جس سے پاکستان سکواش فیڈریشن کے آنریری سیکرٹری ، گروپ کیپٹن طاہر سلطان نے خطاب کیا اس موقع پر سابق ورلڈ چیمپیئن اور پاکستان سکواش فیڈریشن کے نائب صدر قمر زمان، پاکستان سکواش اکیڈیمی کے ڈائریکٹر ائر کموڈور آفتاب اور اسلام آباد سیرینا ہوٹل کے منیجر سپورٹس ڈپلومیسی حسین قدوائی بھی موجود تھے۔گروپ کیپٹن طاہر سلطان نے بتایا کہ چیف آف ائیر سٹاف انٹرنیشنل ویمن سکواش کہچیمپیئن شپ 17 سے 22 دسمبر تک جبکہ پاکستان اوپن مینز سکواش چیمپیئن شپ 17 سے 23 دسمبر تک ہوگی، خواتین کے ایونٹ کی انعامی رقم 25 ہزار ڈالر جبکہ مردوں کے ایونٹ کی انعامی رقم 50ہزار ڈالر رکھی گئی ہے۔ خواتین کے ایونٹ میں 28 کھلاڑی حصہ لیں گی جن میں6 پاکستانی اور 22 غیر ملکی کھلاڑی شامل ہیں غیر ملکی کھلاڑیوں کا تعلق ہانگ کانگ، مصر، آسٹریلیا، ملائیشیائ، فرانس، بھارت، سوئٹزرلینڈ اور ایران سے ہے، خواتین کا ایونٹ 17 سے 22 دسمبر تک کھیلا جائے گا،17 اور 18 دسمبر کو کوالیفائنگ رائونڈ، 19 دسمبر کو مین رائونڈ، 20 دسمبر کو کوارٹر فائنل، 21 دسمبر کو سیمی فائنل جبکہ 22 دسمبر کو فائنل کھیلا جائے گا، مردوں کے ایونٹ میں 56 کھلاڑی شرکت کریں گے جن میں28 پاکستانی اور 28 غیر ملکی کھلاڑی شامل ہیں۔