سلیکشن کمیٹی ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کیلئے کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کر لے : عامر نذیر
لاہور (نمائندہ سپورٹس) پاکستان ٹیم میں نوجوان کھلاڑیوں کی شمولیت خوش آئند ہے۔ سلیکشن کمیٹی کو چاہیے کہ وہ ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے لیے کھلاڑیوں شارٹ لسٹ کرلے اور پھر ان پر محنت کرے۔ان خیالات کا اظہار ٹیسٹ فاسٹ باؤلر عامر نذیر نے وقت نیوز کے پروگرام گیم بیٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ احمد شہزاد اور محمد حفیظ کے ساتھ کوئی نرمی نہیں کرنی چاہیے۔ اگر یہ ناکام ہوتے ہیں تو نوجوان کرکٹرز کو موقع دینے میں کوئی حرج نہیں ہے۔ نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے بیٹنگ کوچ منصور رانا کا کہنا تھا کہ عماد وسیم، محمد رضوان، عامر یامین اور دیگر نوجوان کھلاڑیوں نے اپنی کارکردگی سے سب کو متاثر کیا ہے۔ بلال آصف بھی اچھا اضافہ ہیں۔سرفراز احمد مسلسل عمدہ پرفارم کر رہے ہیں۔ شعیب ملک کا کردار انتہائی اہم نظر آ رہا ہے ۔ آسٹرالوجسٹ ڈاکٹر زیب خان کا کہنا تھا کہ عماد وسیم، محمد رضوان، بابر اعظم اور دیگر نوجوان کھلاڑیوں کے لئے 2017 بہت اچھا ثابت ہو سکتا ہے۔اظہر علی کی بحیثیت کپتان بھی کامیابی کے خاصے امکانات ہیں۔