شارجہ ٹیسٹ: پاکستان کے پہلی اننگز میں 6 وکٹوں پر 282 رنز‘ یونس خان کی سنچری

شارجہ (اے پی پی) پاکستان نے شارجہ ٹیسٹ کے تیسرے روز سری لنکا کی پہلی اننگز 413 رنز کے جواب میں 6 وکٹوں کے نقصان پر282 رنز بنالئے اور اسے اننگز کا سکور برابر کرنے کے لئے مزید 131 رنز درکار ہیں، یونس خان نے 122 رنز کی دلکش اننگز کھیلی، اظہر علی 53 رنز بناکر آﺅٹ ہوئے، مصباح الحق 50 اور عبدالرحمان 3 رنز کے ساتھ ناٹ آﺅٹ ہیں، سری لنکا کی طرف سے ویلگیدرا نے تین اور رنگنا ہیراتھ نے دو کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔ ہفتہ کو شارجہ کرکٹ ایسوسی ایشن سٹیڈیم میں جاری ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستان نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 35 رنز دو کھلاڑی آﺅٹ پر دوبارہ شروع کی تو اظہر علی 10 اور یونس خان صفر پر کھیل رہے تھے، دونوں بلے بازوں نے انتہائی محتاط انداز اپنایا اور تیسری وکٹ میں 98 رنز کی مفید شراکت قائم کرکے سکور 133 تک پہنچادیا، اسی دوران دونوں بلے بازوں نے اپنی اپنی نصف سینچریاں مکمل کیں، اس موقع پر کوسالا کلاسیکرا نے اظہر علی کو کلین بولڈ کرکے اپنی ٹیم کو اہم کامیابی دلا دی، اظہر علی کے آﺅٹ ہونے کے بعد کپتان مصباح الحق بیٹنگ کے لئے آئے، یونس خان نے ایک طرف سے رنز بڑھانے کا سلسلہ جاری رکھا اور اپنے کیریئر کی 18 ویں سینچری سکور کی، یونس خان اور مصباح الحق کے درمیان چوتھی وکٹ میں 100 رنز کی شراکت قائم ہوئی، 233 کے مجموعی سکور پر پاکستان کو یونس خان کی صورت میں نقصان اٹھانا پڑا، سری لنکن پیسر چناکا ویلگیدرا نے انہیں کلین بولڈ کردیا، یونس خان نے دو چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے 122 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ اسد شفیق زیادہ دیر مصباح الحق کا ساتھ نہ دے سکے اور 16 رنز بنانے کے بعد چناکا ویلگیدرا کی گیند پر وکٹ کیپر کوشل سلوا کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوگئے، اس وقت پاکستان کا سکور 258 تھا، عدنان اکمل پاکستان کے آﺅٹ ہونے والے چھٹے کھلاڑی تھے جو 7 رنز بنانے کے بعد رنگنا ہیراتھ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آﺅٹ ہوگئے، مصباح الحق نے ایک اینڈ سنبھالے رکھا اور کیریئر کی 13 ویں نصف سینچری سکور کی، کھیل کے اختتام تک مصباح الحق اور عبدالرحمان نے مزید کوئی نقصان نہ ہونے دیا، تیسرے روز کھیل کے اختتام پر پاکستان نے چھ وکٹوں کے نقصان پر 282 رنز بنا لئے، مصباح الحق 50 اور رحمان 3 رنز پر ناٹ آﺅٹ ہیں، پاکستان کو اننگز کا سکور برابر کرنے کے لئے مزید 131 رنز درکار ہیں، سری لنکا کی طرف سے چناکاویلگیدرا سب سے کامیاب باﺅلر رہے، انہوں نے62 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا، رنگنا ہیراتھ نے دو اور کوسالا کلاسیکرا نے ایک وکٹ حاصل کی۔