ہوبارٹ ہاکی ٹورنامنٹ‘ پاکستان نے کوریا کو 4-1 سے شکست دیدی

ہوبارٹ ہاکی ٹورنامنٹ‘ پاکستان نے کوریا کو 4-1 سے شکست دیدی

لاہور (سپورٹس رپورٹر/نمائندہ سپورٹس) آسٹریلیا کے شہر ہوبارٹ میں کھیلی جانے والی چار ملکی ہاکی سیریز میں قومی ٹیم نے پہلی کامیابی حاصل کر لی ہے، پاکستان ٹیم نے کوریا کو ایک کے مقابلے چار گول سے شکست دی۔ اس سے قبل پاکستان ٹیم کو آسٹریلیا اور آسٹریلیا اے کی ٹیموں کے ہاتھوں شکستوں کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ پاکستان ٹیم کی طرف سے دلبر حسین نے دو جبکہ عمر بھٹہ اور عرفان نے ایک ایک گول کیا۔ پاکستان ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ شاہ ناز شیخ نے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان ہاکی ٹیم نے کوریا کے خلاف میچ میں اچھا کھیل پیش کیا ہے‘ دورہ آسٹریلیا پریکٹس دورہ ہے جس میںٹیم کو اولمپک کوالیفائنگ راونڈ کیلئے تیار کرنا ہے۔ کوشش ہوگی کہ سیریز میں کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ استعمال کرتے ہوئے اولمپک کوالیفائنگ راونڈ سے قبل مضبوط ٹیم تشکیل دینے میں کامیاب ہو جائیں۔ کھلاڑیوں کو ملکی عزت بہت پیاری ہے۔ پاکستان ٹیم کا اگلا میچ  نیوزی لینڈ کے خلاف ہے جس میںکھلاڑی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کرینگے۔