ہاکی ورلڈ کپ : نیوزی لینڈ‘ ہالینڈ اور جرمنی نے اپنے میچ جیت لئے

نئی دہلی (نیٹ نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک) ورلڈکپ ہاکی ٹورنامنٹ میں نیوزی لینڈ نے جنوبی کوریا کو ایک کے مقابلے میں 2 گول سے، ہالینڈ نے کینیڈا کو 6-0 جبکہ جرمنی نے ارجنٹائن کو 4-3 سے شکست دیدی۔ نئی دلی کے دھیان چند سٹیڈیم میں ایونٹ کے چھٹے روز کھیلے گئے پہلے میچ میں اینڈی ہائے ورڈ نے کھیل کے چوتھے منٹ میں گول بنا کر نیوزی لینڈ کو جنوبی کوریا کے خلاف ایک صفر کی برتری دلا دی۔ 22ویں منٹ میں نیوزی لینڈ کے کپتان ڈین کیوزن نے کیوی ٹیم کی برتری کو ڈبل کر دیا۔ وقفے کے بعد بھی کورین ٹیم کی جدوجہد جاری رہی اور آخری منٹ میں پنلٹی سٹروک پر گول بنا کر خسارے کو کم کیا لیکن میچ نیوزی لینڈ نے 2-1 سے جیت لیا۔ ایک اور میچ میں ہالینڈ نے کینیڈا کو 6-0 کے بڑے مارجن سے شکست دیدی۔ پہلے ہاف میں کینیڈین ٹیم نے ڈچ کھلاڑیوں کے ہر حملے کا بھرپور دفاع کیا اور پہلا ہاف بےیر کسی گول کے برابر رہا لیکن وقفے کے بعد ہالینڈ نے کینیڈا پر ہلہ بول دیا اور چھ گول سے میچ جیت لیا۔ ورلڈکپ کے تیسرے میچ میں جرمنی نے ارجنٹائن کو 3 کے مقابلے میں 4 گول سے ہرایا۔ جرمنی کی طرف سے مارٹن، میتھاز نے ایک ایک جبکہ مارٹن زویکر نے 2 گول کئے۔ ارجنٹائن کی طرف سے پیڈاو، لیوکس اور یٹھیاز نے ایک ایک گول کیا۔ پاکستان آج جنوبی افریقہ سے مقابلہ کریگا۔