ٹور ڈی پاکستان سائیکل ریس کے چوتھے مرحلے میں افغانستان کے امتیاز حسن کامیاب

لاہور +اوکاڑہ چھاونی(سپورٹس رپورٹر+نامہ نگار) 15ویں ٹور ڈی پاکستان انٹرنیشنل سائیکل ریس کا چوتھا مرحلہ افغانستان کے امتیاز حسن نے جیت لیا۔ 160 کلو میٹر کا مقررہ فاصلہ مہمان سائیکلسٹ نے 4 گھنٹے 12 منٹ اور 36 سکینڈ میں طے کیا۔ چوتھے مرحلہ میں سوئی سدرن گیس کمپنی کے آصف جونیئر نے دوسری، واپڈا کے اویس اسلم نے تیسری، واپڈا کے ہی محمد ابراہیم نے چوتھی، واپڈا کے زاہد گلفام نے پانچویں جبکہ سوئی سدرن گیس کمپنی کے نثار احمد نے چھٹی پوزیشن حاصل کی۔ ریس کو شرکا کو گذشتہ روز باغ جناح لاہور سے صوبائی وزیر کھیل ڈاکٹر تنویر السلام نے رخصت کیا۔ اس موقع پر پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے سیکرٹری ادریس حید خواجہ، چیئرپرسن ٹاسک فورس برائے سپورٹس نیوا عثمان بھی موجود تھیں۔ لاہور سے ساہیوال کیلئے 46 سائیکلسٹ روانہ ہوئے جن میں چاروں صوبوں کے علاوہ واپڈا، ریلوے، سوئی گیس، فاٹا، آرمی اور افغانستان کی ٹیمیں شامل تھیں۔ دریں اثناءپندرہویں پاکستان ٹور ڈی انٹرنیشنل سائیکل ریس کے گذشتہ روز اوکاڑہ چھاونی سے گزرنے پر لوگوں نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔ میڈیکل ٹیم اور موٹروے پولیس کا حفاظتی دستہ بھی ہمراہ تھا۔ اس موقع پر افغانستان کی ٹیم کے کوچ عبدالصادق صادقی اور اس کی اسسٹنٹ کوچ نرگس فرح صادقی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے مابین کھیلوں کے فروغ کی وجہ سے خوشگوار تعلق پیدا ہونگے۔ انہوں نے پاکستانی عوام کے دوستانہ رویہ کو بھی سراہا۔