انگلینڈ کا بنگلہ دیش کو تیسرے ون ڈے میں ہرا کر سیریز میں کلین سویپ

چٹاگانگ (نیٹ نیوز) انگلینڈ نے بنگلہ دیش کو تیسرے ون ڈے میں 45 رنز سے ہرا کر 3 میچوں پر مشتمل سیریز میں کلین سویپ کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ پچاس اووروں میں ابتدائی بلے باز کریگ کائی سویٹر کی سنچری کی بدولت 5 وکٹوں پر 284 رنز بنائے۔ الیسٹر کک 32 پیٹرسن 22 کالنگ ووڈ 36 اور مورگن 36 رنز بنا کر آوٹ ہو گئے۔ رائٹ 32 رنز بنا کر ناٹ آوٹ کریز پر موجود تھے۔ بنگلہ دیش کے عبدالرزاق نے 2 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ شفیع الاسلام شکیب الحسن اور سہروردی کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔ جواب میں بنگلہ دیشی ٹیم 9 وکٹوں پر 239 رنز بنا سکی۔ بنگلہ دیش کے آفتاب احمد 46 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ مشفیق الرحیم نے 40 رنز بنائے۔ انگلینڈ کے بریسمین نے 28 رنز دیکر 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ سوان نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ احمد شہزاد اور پیٹرسن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ انگلینڈ کے کریگ کائی سویٹر کو مین آف دی میچ جبکہ مورگن کو مین آف دی سیریز قرار دیا گیا۔ دونوں ممالک کے درمیان کھیلی جانے والی 3 ایک روزہ میچوں کی سیریز انگلینڈ نے 3-0 سے جیت لی۔