اقبال قاسم کے استعفیٰ سے کھلاڑیوں کے سنٹرل کنٹریکٹ میں تاخیر کا امکان

لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر اقبال قاسم کے مستعفی ہونے کے بعد کھلاڑیوں کو سنٹرل کنٹریکٹ دینے کا منصوبہ کھٹائی میں پڑ گیا ہے اور اس میں مزید تاخیر کا امکان پیدا ہو گیا ہے۔ قومی کرکٹ ٹیم کی آسٹریلیا کیخلاف ٹیسٹ اور ون ڈے میچوں کی سیریز میں ناکامی کے بعد اقبال قاسم نے استعفیٰ دیدیا تھا اور وہ اس دوران پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر وسیم باری اور ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز ذاکر خاں کی مشاورت سے سال 2010ءکیلئے کھلاڑیوں کی حتمی فہرست ترتیب دے رہے تھے۔ اب یہ معاملہ نئے چیف سلیکٹر کی تعیناتی تک لٹک گیا ہے۔ سنٹرل کنٹریکٹ مارچ میں صرف اسی صورت میں مل سکتا ہے اگر چیئرمین پی سی بی اپنے صوابدیدی اختیارات استعمال کرتے ہوئے خود کھلاڑیوں کا اعلان کر دیں۔ دوسری صورت میں سنٹرل کنٹریکٹ کا اعلان اپریل تک نظر نہیں آتا۔