پاکستان اور بھارت میں کرکٹ سیریز 2010 ءمیں نیوٹرل مقام پر ہو گی : چیئرمین پی سی بی

لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ سیریز 2010ءمیں نیوٹرل مقام پر کھیلی جائیگی امریکہ میں اس کا انعقاد ممکن نہیں۔ پاکستانی کھلاڑی آئی پی ایل کے اگلے ایڈیشن میں نمائندگی کرینگے۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین پی سی بی اعجاز بٹ نے بھارت سے وطن واپسی پر لاہور ائرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا دورہ بھارت میں بھارتی کرکٹ بورڈ کے عہدیداران اور سیاسی حکمرانوں سے اچھی ملاقاتیں ہوئی ہیں جن کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔ اعجاز بٹ نے کہا پاکستان کرکٹ بورڈ نے کسی کھلاڑی پر بھارت میں ہونے والی لیگ کرکٹ سے نہیں روکا ہے۔ انہوں نے کہا بھارتی کرکٹ بورڈ کے حکام سے بات ہوئی ہے جس میں طے پایا ہے کہ 2010ءمیں دونوں ممالک کے درمیان سیریز کو کسی نیوٹرل وینو پر منعقد کرایا جا سکے۔ امریکہ میں کرکٹ سیریز کے حوالے سے انہوں نے کہا انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی خواہش ہے کہ امریکی ریاست فلوریڈا میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک ون ڈے اور دو ٹونٹی ٹونٹی میچز کرائے جائیں تاہم اس کا ابھی حتمی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔ چیئرمین پی سی بی نے کہا آئندہ ایشیا کپ ملائیشیا، سری لنکا یا چین میں سے کسی ایک ملک میں کھیلا جائیگا۔ اعجاز بٹ نے کہا انڈین پریمیئر لیگ کے سربراہ للت مودی سے درخواست کی ہے کہ اگلے ایڈیشن میں ہمارے کھلاڑیوں کو بھی شامل کیا جائے۔ دوسری جانب ہم دیکھیں گے کہ انڈین پریمیئر لیگ میں شرکت سے ہماری کوئی سیریز متاثر نہ ہو۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا مصباح الحق کو بنگلہ دیش میں ہونے والی لیگ کرکٹ کھیلنے کی اجازت دیدی ہے۔ پی سی بی کسی بھی کھلاڑی کو لیگ کرکٹ کھیلنے سے روکنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کے حکام سے ہونے والی ملاقات مثبت رہی ہے اس کے جلد نتائج برآمد ہونگے۔