پاکستان اولمپک ایسو سی ایشن کے الیکشن آج ہو ں گے

اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر) پاکستان اولمپک ایسو سی ایشن کے الیکشن آج جمعہ کی صبح اسلام آباد میں ہوں گے۔ پی او اے کی عبوری کمیٹی کے الیکشن کمشن نے پی او اے کے انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کر دی ہے جس کے تحت پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی صدارت اور سیکرٹری جنرل کیلئے تین، تین جبکہ خازن کیلئے دو امیدواروں کے درمیان الیکشن ہو گا۔ دریں اثناءعبوری کمیٹی کے سیکرٹری جنرل رانا مجاہد اولمپئن نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے کیونکہ وہ خود بھی الیکشن میں سیکرٹری جنرل کے عہدے پر حصہ لے رہے ہیں۔ جسٹس (ر) میاں محمد اجمل کی سربراہی میں قائم الیکشن کمشن کے دیگر اراکین میں جسٹس (ر) امان اللہ خان یٰسین زئی، ممتاز حیدر رضوی اور محمد یونس شامل ہیں۔ 5جولائی کو پاکستان اولمپک ایسو سی ایشن کے انتخابات اسلام آباد میں منعقد کروائیں گے۔ پی او اے کے الیکشن کمشن کی کی جانب سے جاری ہونیوالی حتمی فہرست کے مطابق پی او اے انتخابات میں کل 45 امیدوار الیکشن میں حصہ لیں گے ۔