دورہ ویسٹ انڈیز : قومی کرکٹرز کی پریکٹس‘ روٹھے شائقین کو منانے کیلئے پرعزم

دورہ ویسٹ انڈیز : قومی کرکٹرز کی پریکٹس‘ روٹھے شائقین کو منانے کیلئے پرعزم

لاہور (سپورٹس رپورٹر) ویسٹ انڈیز کیخلاف ون ڈے اور ٹی ٹونٹی سیریز کیلئے منتخب ہونیوالی قومی ٹیم کے کھلاڑیوں نے کوچ ڈیوواٹمور کی نگرانی میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں پریکٹس شروع کردی ہے۔ ون ڈے کپتان مصباح الحق اور اوپنر بلے باز ناصر جمشید نے بیٹنگ پریکٹس کی جبکہ ٹی ٹونٹی کپتان محمد حفیظ نے باﺅلنگ پریکٹس کے ساتھ ساتھ ٹرینر کے ہمراہ اپنی فٹنس کو بہتر بنانے کیلئے ورزش میں مصروف نظر آئے۔ عمراکمل ، عمرامین، وہاب ریاض ، احمد شہزاد اور عبدالرحمان نے بھی اکیڈمی میں مصروف دن گرازا ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمراکمل نے کہاکہ بیٹنگ کے ساتھ ساتھ وکٹ کیپنگ کی ذمہ داری کا کوئی پریشر نہیں ہے، ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز میں عمدہ پرفارم کرکے مستقل ٹیم کا حصہ بننا چاہتا ہوں۔ عمراکمل نے کہاکہ ان کیلئے یہ اعزاز ہے کہ وہ ٹیم میں وکٹ کیپنگ کے فرائض سرانجام دیں گے، یہ ٹیم پاکستان کی ٹیم اکمل برادرز کی نہیں ، میرے سمیت عدنان اکمل اور کامران اکمل ہمیشہ جب بھی ٹیم میں ہوتے ہیں عمدہ کھیل پیش کرتے ہیں ، وکٹ کیپنگ کا کوئی خاص پریشر نہیں ہے، وہ ذمہ داری کو چیلنج سمجھ کر قبول کر رہے ہیں۔ اوپنر بلے باز احمد شہزاد نے کہاکہ ٹیم میں واپس آنا اعزاز ہے، شائقین کو کرکٹ کی طرف واپس لانے کیلئے ہرصورت میں اچھا کھیلنا ہوگا۔ گزشتہ چیمپئنز ٹرافی میں ٹیم کی بری کارکردگی سے شائقین ناراض ہوگئے ہیں اور عمدہ کارکردگی کی توقع لگائے بیٹھے ہیں، اس بار سب لوگوں کو عمدہ کھیلنا ہوگا۔ احمد شہزاد نے کہاکہ انہیں اگر میدان میں اتارا گیاتو وہ مایوس نہیں کرینگے۔