سپیشل اولمپکس اختتام پذیر، پاکستان کے 17گولڈ، 27 سلورز، 13 برونز میڈل

ایتھنز (این این آئی) ایتھنز میں ہونے والے سپیشل اولمپک اپنے اختتام کو پہنچ گئے ۔ پاکستان نے مجموعی طور پر 17گولڈ میڈلز، 27 سلور میڈلز اور 13 برونز میڈلز حاصل کئے۔ قومی کھلاڑی آج وطن پہنچ رہے ہیں۔ ایتھنز سپیشل اولمپک کھیلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے عدیل امیر نے اتھلیٹکس کے مقابلوں میں تین گول میڈل اپنے نام کئے، دیگر نمایاں کھلاڑیوں میں اتھلیٹکس میں ہی بختاور گل نے دو گولڈ اور ایک سلور میڈل اپنے نام کیا۔ عائشہ افتخار نے اتھلیٹکس میں دو سلور اور ایک برونز میڈل حاصل کیا، انہیں مقابلوں میں مصباح طارق نے تین سلور میڈلز حاصل کئے۔ میرپور خاص کے سےاوت علی نے ایک گولڈ، ایک سلور میڈل، رحیم اللہ بیگ جن کا تعلق گلگت سے ہے، نے ایک گولڈ اور ایک سلور حاصل کیا جبکہ ان کے ایک گولڈ میڈل کو قواعد کی خلاف ورزی کی وجہ سے معطل کرکے ڈس کوالیفائی کر دیا گیا۔ طاہر صدیق نے ایک گولڈ، ایک سلور، سوئمنگ کے مقابلوں میں عامر انور نے تین سلور میڈلز حاصل کئے۔ بو چی کے بوائز مقابلوں میں ذوالفقار علی لغاری نے دو گولڈ اور ایک سلور میڈل اور بوچی میں ہی عبدالناصر نے ایک گولڈ اور ایک برونز میڈل لیا۔ بیڈمنٹن میں رابعہ سعید اور سہیل احمد خان نے ایک ایک گولڈ، ایک ایک برونز، سائیکلنگ میں ثنا جاوید نے ایک گولڈ ایک سلور، بلاول اسلم نے ایک گولڈ دو برونز اور ٹیبل ٹینس کے مقابلوں میں ماریہ بی بی نے ایک سلور اور ایک برونز، مہوش افتخار نے ایک گولڈ، اسامہ ریاض نے ایک سلور ایک برونز اور ارسلان احمد نے ایک گولڈ ایک سلور اور ایک برونز میڈل حاصل کرکے نمایاں پوزیشن حاصل کی۔