پاکستان کرکٹ بورڈ: عامر سہیل ڈائریکٹر گیم ڈویلپمنٹ چیئرمین سلیکشن کمیٹی مقرر

پاکستان کرکٹ بورڈ: عامر سہیل ڈائریکٹر گیم ڈویلپمنٹ چیئرمین سلیکشن کمیٹی مقرر

لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق کپتان عامر سہیل کو پی سی بی کاڈائریکٹر گیم ڈویلپمنٹ اورقومی سلیکشن کمیٹی کا چیئرمین مقرر کر دیا۔سلیکشن کمیٹی کے دیگر ارکان کو فی الحال برقرار رکھا گیا ہے جن میں تبدیلی کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔عامر سہیل ملک بھر میں قائم اکیڈمیوں میں اصلاحات اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے ڈویلپمنٹ پروگرام کی نگرانی بھی کریں گے۔ عامر سہیل کو بورڈ کی جانب سے 5لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ کے علاوہ دیگر مراعات حاصل ہوں گی۔ وہ چیئرمین پی سی بی ذکاء اشرف کو براہ راست رپورٹ کریں گے۔محمد الیاس پاکستان جونیئرکرکٹ ٹیموں اور خواتین کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر ہوں گے ۔باسط علی کو ریجنل کرکٹ اکیڈمی کراچی کا کوچ مقررکردیاگیا ہے ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عامر سہیل نے کہا کہ پاکستان کرکٹ کو سائنسی انداز میں جدید خطوط پر استوار کیا جائے۔مصباح الحق کا دفاع کرنے کی ضرورت نہیں، وہ کارکردگی سے دفاع کر رہے ہیں۔ ایشیاء کپ اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے لئے متوازن اور مضبوط سکواڈ تشکیل دیا جائے گا۔ شاہد آفریدی ٹیم کے اہم کھلاڑی ہیں جو آسٹریلیا میں ہونے والے ورلڈ کپ میں بہترین ہتھیار ثابت ہو سکتے ہیں۔  سبکدوش ہیڈ کوچ ڈیوواٹمور سے تفصیلی ملاقاتیں ہوئی ہیں، ان کی رائے کو مد نظر رکھ کر ٹیم کا انتخاب کیا جائے گا ۔ نیشنل کرکٹ اکیڈمی کو درست انداز میں استعمال کیا جائے۔بنگلہ دیش کی وکٹیں پاکستان کے لئے مفید ثابت ہوں گی۔بگ تھری کے معاملے پر پاکستان کا موقف درست ہے۔ ذکاء اشرف نے پاکستانی عوام کی آواز کو اجلاس میں اٹھایا۔ بگ تھری آج ڈیل کرنے پر آ گئے ہیں۔ سری لنکا،جنوبی افریقہ ڈٹے رہیں تو بگ تھری اپنے منصوبے میں ناکام ہوں گے اور ہماری شرائط بھی مانی جائیں گی۔