وکٹوریہ آزارنیکا ‘ سمانتھا سٹوسر کیلیفورنیا اوپن ٹینس کے فائنل میں پہنچ گئیں

وکٹوریہ آزارنیکا ‘ سمانتھا سٹوسر کیلیفورنیا اوپن ٹینس کے فائنل میں پہنچ گئیں

کیلیفورنیا+ واشنگٹن (اے پی پی) ٹاپ سیڈ وکٹوریہ آزارینکا اور سمانتھا سٹوسر نے ساﺅتھرن کیلیفورنیا اوپن ٹینس ویمنز سنگلز فائنل کےلئے کوالیفائی کر لیا۔ ایونٹ میں کھیلے گئے ویمنز سنگلز ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میچ میں بیلاروس کی ٹینس سٹار وکٹوریہ آزارینکا نے انتہائی شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے حریف سربین کھلاڑی اینا ایوا نووچ کو دلچسپ مقابلے کے بعد 6-0، 4-6 اور 6-3 سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔ دوسرے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کی سٹار پلیئر سمانتھا سٹوسر نے عمدہ کارکردگی کی بدولت حریف فرانسیسی کھلاڑی ورجنی رزانو کو زبردست مقابلے کے بعد سٹریٹ سیٹس میں 7-6 اور 6-3 سے ہرا کر فائنل کےلئے کوالیفائی کیا۔ جان مارٹن ڈیل پوٹرو اور جان اسنر نے سٹی اوپن ٹینس ٹورنامنٹ مینز سنگلز فائنل میں جگہ بنا لی۔ امریکہ میں جاری ایونٹ میں کھیلے گئے مینز سنگلز ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میچ میں ارجنٹائن کے ٹینس سٹار جان مارٹن ڈیل پوٹرو نے انتہائی شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے حریف جرمنی کے ٹومی ہاس کو دلچسپ مقابلے کے بعد سٹریٹ سیٹس میں 7-4 اور 6-3 سے شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کی جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں امریکن ٹینس سٹار جان اسنر نے عمدہ کارکردگی کی بدولت روس کے ڈیمٹری ٹرسونوو کو زیر کر کے فائنل کےلئے کوالیفائی کیا۔