ایشین مینز باسکٹ بال چیمپئن شپ: ایران نے مسلسل تیسری کامیابی حاصل کر لی

منیلا (اے پی پی) 27 ویں ایشین مینز باسکٹ بال چیمپئن شپ میں ایران نے دفاعی چیمپئن چین کو شکست دے کر مسلسل تیسری کامیابی حاصل کر لی۔ فلپائن میں جاری ایونٹ میں کھیلے گئے میچ میں ایران اور چین کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوئیں۔ ایران کی ٹیم نے انتہائی شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے چین کو 51 کے مقابلے میں 70 پوائنٹس سکور سے زیر کر کے تیسری کامیابی حاصل کی۔ ایران کی ٹیم گروپ سی میں پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے۔ ایک اور میچ میں کوریا نے ملائیشیا کو شکست دے کر دوسری کامیابی سمیٹی۔ ایونٹ کے کوارٹر فائنلز 9 اگست کو سیمی فائنلز 10 اگست کو جبکہ فائنل 11 اگست کو کھیلا جائے گا۔