ہاکی ٹیم کیلئے غیر ملکی کوچ کا تقرر مشورے کے بعد ہوگا: آصف باجوہ

لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان ہاکی ٹیم کے لیے غیر ملکی کوچ کا تقرر صلاح و مشورے کے بعد ہی کیا جائے گا۔ جرمنی سے تعلق رکھنے والے پال لیزک کے علاوہ آسٹریلیا اور ہالینڈ سے تعلق رکھنے والے کوچز کا بھی انٹرویو لیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل آصف باجوہ نے نوائے وقت کے ساتھ خصوصی گفتگو میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ جرمن کوچ پال لیزک کے ساتھ ملاقات خوشگوار رہی ہے انہوں اپنی شرائط بتا دی ہیں اب دیگر آسٹریلیا اور ہالینڈ سے آنے والے کوچز سے بھی انٹرویو کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ ملکی حالات کو مد نظر رکھ کر ہی کسی غیر ملکی کوچ کو ذمہ داریاں سونپی جائیں گی تاکہ وہ آزاد ماحول میں پاکستانی کھلاڑیوں کی تربیت کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی کوچ کا تقرر ایک ڈیڑھ ہفتے تک کر دیا جائے گا۔