زمبابوے کرکٹ ٹیم کا سکیورٹی وفد کل پاکستان آئےگا

لاہور (سپورٹس رپورٹر) زمبابوے کرکٹ بورڈ کا سکیورٹی وفد کل پاکستان آئے گا۔ مہمان ٹیم پانچ میچوں کی سیریز کھیلنے کیلئے 19 مئی کو لاہور پہنچے گی۔ مہمان ٹیم دورہ میں دو ٹی ٹونٹی اور تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے تمام میچز قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے گی۔ لاہور میں سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے زمبابوے کرکٹ بورڈ کا سکیورٹی وفد کل لاہور پہنچے گا جہاں انہیں پاکستان کرکٹ بورڈ کے سکیورٹی حکام مہمان ٹیم کے لئے کئے جانےوالے حفاظتی اقدامات کے بارے میں بریف کریں گے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان اور زمبابوے کرکٹ بورڈز کے درمیان تمام معاملات پہلے سے طے پا چکے ہیں سکیورٹی وفد رسمی کارروائی کے لئے پاکستان کے دورہ پر آ رہا ہے تاکہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو بتایا جا سکے کہ سکیورٹی وفد نے بھی پاکستان کے لاہور سنٹر کو محفوظ قرار دیا ہے۔