بنگلہ دیش سے بدترین شکست....ہیڈ کوچ وقار یونس کی چھٹی کا امکان

لاہور (سپورٹس ڈیسک) بنگلہ دیش سے ون ڈے اور ٹی ٹونٹی سیریز میں بدترین شکست کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ وقار یونس اور دیگر سٹاف کو عہدے سے ہٹائے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق بنگلہ دیش نے ون ڈے سیریز کے تینوں میچوں اور ٹی ٹونٹی میچ کے واحد میچ میں پاکستان کو شکست دے کر پہلی بار سیریز جیتنے میں کامیابی حاصل کی تھی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان 2 میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ بھی ڈرا ہو گیا تھا جو میزبان ٹیم کیلئے بہت بڑی کامیابی ہے۔ بنگلہ دیش تاحال پاکستان کے خلاف کوئی ٹیسٹ میچ نہیں جیت سکا ہے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ چیئرمین پی سی بی شہریار خان رواں ہفتے بنگلہ دیش جائیں گے جس کے دوران وہ ون ڈے اور ٹیسٹ فارمیٹ کے کپتان سے ملاقات کریں گے اور صورتحال سے آگاہی حاصل کریں گے۔ وہ ہیڈ کوچ وقار یونس اور دیگر کوچنگ سٹاف بھی ملاقات کریں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ وقار یونس کو پیغام بھیج دیا گیا ہے کہ وہ خود ہی عہدہ چھوڑ دیں۔ شہریار نے خود اعتراف کیا تھا کہ بنگلہ دیش سے ہارے نہیں بلکہ بہت بری طرح ہارے ہیں۔ سابق کرکٹرز نے بھی کرکٹ بورڈ اور کوچنگ سٹاف کو کافی تنقید کا نشانہ بنایا ہے جس کے بعد وقار یونس اور دیگر سٹاف کو عہدوں سے ہٹایا جا سکتا ہے۔ امکان ہے یہ وقار یونس کی آخری سیریز ہو۔