سینئر کھلاڑی مستقبل کا فیصلہ خود کریں‘ ہاکی ٹیم کی اولمپکس میں شکست پر رپورٹ تیار

سینئر کھلاڑی مستقبل کا فیصلہ خود کریں‘ ہاکی ٹیم کی اولمپکس میں شکست پر رپورٹ تیار

لاہور (چودھری اشرف) پاکستان ہاکی کے روشن مستقبل کے لیے نوجوان کھلاڑیوں کو قومی ٹیم میں شامل کرنا ہوگا، سینئر کھلاڑی اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کریں، اچھے نتائج حاصل کرنے کے لیے نوجوان کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ انٹرنیشنل میچز مہیا کرنے کی ضرورت ہوگی۔ لندن اولمپکس میں شرکت کرنے والی پاکستان ہاکی ٹیم کی مینجمنٹ نے رپورٹ تیار کر لی۔ ذرائع کے مطابق پاکستان ہاکی ٹیم کے منیجر اور کوچ نے لندن اولمپکس ٹورنامنٹ میں پاکستان ہاکی ٹیم کی ساتویں پوزیشن اور مستقبل کے حوالے سے اپنی رپورٹ تیار کر لی ہے جس میں پاکستان ہاکی ٹیم کی کارکردگی کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے مستقبل کی بہتری منصوبہ بندی، زیادہ سے زیادہ نوجوان کھلاڑیوں کو ٹیم کا حصہ بنانے، سینئر کھلاڑیوں کے مستقبل کے حوالے سے تجاویز دی گئی ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان ہاکی ٹیم نے سال کے آخری میں آسٹریلیا میںچیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ میں شرکت کرنی ہے۔ ٹورنامنٹ سے قبل آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ جیسی ٹیموں کے خلاف سیریز کے میچز کا انعقاد کرائے۔ کوچ خواجہ جنید آج رپورٹ منیجر اختر رسول کو دیں گے جو فیڈریشن کے صدر قاسم ضیاءکو جمع کرائیں گے۔