دورہ انگلینڈ‘ تربیتی کیمپ کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کے 35 کھلاڑیوں کا اعلان
لاہور (سپورٹس رپورٹر+ نمائندہ سپورٹس) قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے دورہ انگلینڈ کے لئے لگائے جانے والے تربیتی کیمپ کیلئے 35 کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کردیا جبکہ شاہد آفریدی، عمر اکمل، احمد شہزاد اور محمد عرفان ڈراپ کر دیا گیا۔ انضمام الحق کا قذافی سٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ڈسپلن کی خلاف ورزی پر کوئی رعایت نہیں ہوگی۔ دورہ انگلینڈ کے تربیتی کیمپ سے پہلے اعلان کردہ تمام کھلاڑیوں کے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں فزیکل فٹنس ٹیسٹ لیے جائیں گے۔ تربیتی کیمپ 14 مئی سے 4 جون تک ایبٹ آباد میں لگے گا جس میں کھلاڑیوں کی فٹنس پر بھرپور توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم نے اگلے 14 ماہ میں صرف 6 ٹی ٹونٹی کھیلنے ہیں اس لئے شاہد آفریدی کو مستقبل قریب میں ٹیم کا حصہ نہیں بنایا گیا،شاہد آفریدی کی کرکٹ ختم نہیں ہوئی، فارم کر کے ٹیم میں جگہ بنا سکتے ہیں۔ سلمان بٹ کے حوالے سے انہوں نے کہا تقریباً 6 برس بعد کرکٹ میں سلمان بٹ کی واپسی ہوئی ہے اس لئے انہیں ابھی 4 روزہ میچز کھیلنے چاہئے۔ عبدالرزاق سمیت جو کھلاڑی بھی کارکردگی دکھائے گا اسے ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔ انضمام الحق نے کہا کہ قومی ٹیم کا جو بھی کوچ ہوگا اس کے لئے 60 کھلاڑیوں میں سے ٹیم کا انتخاب کرنا مشکل نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ محمد عرفان کو دورہ انگلینڈ کے لئے آرام دیا گیا جبکہ حفیظ اور عماد وسیم دوڑنے کے قابل نہیں رہے،، عماد وسیم بیٹنگ میں بہتر پرفارم کرے گا تو اس کے نام پر ضرور غور کریں گے۔ قومی ٹیم کے تربیتی کیمپ میں شامل اوپنرز میں محمد حفیظ، سمیع اسلم، افتخار احمد، اظہر علی، شرجیل خان، خرم منظور، شان مسعود،مڈل آرڈر بلے بازوں میں یونس خان، مصباح الحق، اسد شفیق، شعیب ملک، بابر اعظم، حارث سہیل، خالد لطیف، فواد عالم، اکبرالرحمان،آل راؤنڈرز انور علی، بلاول بھٹی، وکٹ کیپر کے لئے سرفراز احمد، محمد رضوان، عدنان اکمل، فاسٹ باؤلرز میں محمد عامر، راحت علی، عمران خان، سہیل خان، وہاب ریاض، جنید خان، حسن علی، سپنرز یاسر شاہ، ذوالفقار بابر، محمد اصغر، عماد وسیم، بلال آصف، زوہیب خان شامل ہیں۔ اس کے علاوہ چیف سلیکٹر انضمام الحق نے اے ٹیم کے لئے بھی 25 کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا جن میں فرخ زمان، جاہد علی، محمد وقاص، زین عباس، اسرار اﷲ، عمر امین، عبدالرحمان مزمل، سعود شکیل، عابد علی، عمر صدیق (فٹنس سے مشروط)، محمد نواز، فہیم اشرف، عامر یامین، محمد عباس، عزیز اﷲ، میر حمزہ، احمد جمال، ضیاء الحق، عماد بٹ، سیف اﷲ بنگش، محمد حسن، اسامہ میر، شاداب خان، حیات اﷲ اور ظفر گوہر شامل ہیں۔