پی ایس ایل کے اخراجات میں کمی کیلئے منصوبہ بندی کر لی گئی
لاہور (حافظ محمد عمران/نمائندہ سپورٹس) پی سی بی نے پاکستان سپر لیگ کے اخراجات میں کمی کی منصوبہ بندی کر لی۔ ذرائع کے مطابق پی ایس ایل کے آئندہ سال کے مقابلوں کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ نے غیر ملکی ماہرین اور غیر ملکی کمپنیوں کی خدمات میں تقریباً ستر فیصد تک کمی کا فیصلہ کیا۔ آئندہ سال کرکٹ بورڈ زیادہ تر اپنے سٹاف سے لے گا۔ ذرائع کے مطابق غیر ملکی ماہرین اور کمپنیوں کے ساتھ ساتھ بھاری تنخواہوں والے مقامی سٹاف سے بھی نئے معاہدے نہیں کیے جائیں گے۔نئی منصوبہ بندی کے تحت سیلری بجٹ میں بھی کمی کے لیے سخت اقدامات کئے جارہے ہیں۔ اس سلسلے میں سلمان سرور بٹ اور فیصل مرزا کے معاہدوں میں تجدید نہیں کی گئی۔ان تمام اہم فیصلوں پر پاکستان سپر لیگ گورننگ کونسل کے سربراہ نجم عزیز سیٹھی آج گورننگ بورڈ اراکین کو تفصیلی بریفنگ بھی دیں گے۔ کرکٹ بورڈ کے مصدقہ ذرائع کے مطابق دبئی اور شارجہ میں کھیلے جانیوالے پاکستان سپر لیگ کے پہلے ایڈیشن سے بھی کرکٹ بورڈ کو فائدہ ہوا۔ ذرائع کے مطابق پی ایس ایل گورننگ کونسل کے سربراہ تمام اخراجات کی تفصیلات ایونٹ کی افادیت اور اسکے مستقبل کے حوالے سے گوتننگ بورڈ اراکین کا اعتماد حاصل کرنے اور انہیں قائل کرنیکی کوشش کریں گے۔