چیئرمین آئی سی سی کا انتخاب،کاغذات نامزدگی 8مئی سے جمع ہونگے
دبئی ( این این آئی )انٹر نیشنل کرکٹ کونسل کے چیئرمین کے انتخاب کے لئے کاغذات نامزدگی 8 مئی سے جمع ہوں گے، نامزد امیدوار کو مہم چلانے کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ منتخب چیئرمین کا اعلان 23مئی کو ہوگا۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے جمہوری طور پر منتخب نئے چیئرمین کی نامزدگی کا عمل آٹھ مئی سے شروع ہوگا۔ کاغذات نامزدگی آڈٹ کمیٹی کے چیئرمین عدنان زیدی کے پاس جمع کرائے جائیں گے۔ کونسل کے 1997ء سے اب تک موجودہ اور سابق ڈائریکٹرز کو نامزد کیا جاسکتاہے۔ نامزدگی کے لئے دو فل ممبرز کی حمایت لازمی ہے۔ کوئی ملک اپنا امیدوار نامزد نہیں کرسکتا۔ نامزد امیدوار اپنے ملک کے بورڈ میں کوئی عہدہ بھی نہیں رکھ سکتا۔چیئرمین کے انتخاب میں آئی سی سی کے دس فل ممبرز اور ایسوسی ایٹ ممالک کے تین ارکان سمیت تیرہ ارکان ووٹنگ میں حصہ لیں گے۔ کسی امیدوار کو چنا ئوکے لئے ووٹ طلب کرنے یا مہم چلانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ ایک سے زیادہ امیدوار ہونے کی صورت میں کرکٹ کے بارے میں اپنا وژن اور منصوبوں کے لئے پریزنٹیشن دینے کا موقع دیا جائے گا۔