امریکی کوہ پیما اور کیمرہ مین کی نعشیں 16 سال بعد ہمالیہ کی پہاڑیوں سے مل گئیں
نیویارک (نیوز ایجنسیاں) دنیا کے سب سے بہترین کوہ پیما الیکس لووی اور ان کے کیمرہ مین کی تودے تلے دبی نعشیں 16 سال بعد ہمالیہ کی پہاڑیوں سے مل گئیں۔ امریکی کوہ پیما الیکس لووی اکتوبر 1999 میں اپنے ساتھی کیمرہ مین کے ہمراہ 26 ہزار 290 فٹ بلند ہمالیہ کی پہاڑی سر کرنے گئے تھے جہاں طوفانی تودہ گرنے سے وہ وہیں پھنس گئے جن کی نعشیں گزشتہ ہفتے تلاش کرلی گئیں جبکہ دونوں افراد کی نعشیں برف میں پھنسی ہوئی تھیں۔40 سالہ امریکی کوہ پیما الیکس لووی کو دنیا کا سب سے بہترین کوہ پیما سمجھا جاتا ہے جنہوں نے 2 مرتبہ ماؤنٹ ایوریسٹ، مونٹی سروینو اور ایل کیپیٹین جیسی دشوار گزار پہاڑیوں کو 16 مرتبہ سر کیا جبکہ 5 اکتوبر 1999 کو ہمالیہ کی پہاڑی سر کرتے ہوئے وہ اپنے قریبی ساتھی اور کیمرہ مین ڈیوڈ بریج کے ساتھ بڑے برفانی تودے تلے دب گئے تھے۔