آئی پی ایل‘ راجستھان رائلز نے دکن چارجرز‘ چنائی نے دہلی کو ہرا دیا

پورٹ الزبتھ (مانیٹرنگ ڈیسک) انڈین پریمیئر لیگ کے آج کھیلے جانے والے پہلے میچ میں راجستھان رائلز نے دکن چارجرز کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی۔ دکن چارجرز مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 141 رنز بنائے اور شین وارن الیون کو جیتنے کیلئے 142 رنز کا ہدف دیا۔ پورٹ الزبتھ کے سینٹ جارج پارک سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے ایونٹ کے 25 ویں میچ میں دکن چارجرز کے کپتان ایڈم گلکرسٹ نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ دکن چارجرز کی جانب سے سمان نے ناقابل شکست 41 رنز بناکر نمایاں رہے جبکہ گلکرسٹ نے 39 اور شرما نے 38 رنز سکور کیے۔ راجستھان رائلز کی جانب سے ہاروڈ نے 2وکٹیں حاصل کیں جبکہ یوسف پٹھان‘ جدیجا اور ترویدی نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ شین وارن‘ روت اور پٹیل کوئی وکٹ حاصل نہ کرسکے۔ دوسری جانب سے راجستھان رائلز نے 142 رنز کا ہدف 7 وکٹوں کے نقصان پر 20 ویں اوور کی چوتھی گیند پرحاصل کرلیا۔ راجستھان کی اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا۔ دونوں اوپنر اسمتھ اور اسٹوکر کھاتا کھولے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے جبکہ چوتھے نمبر پر کھیلنے کیلئے آنے والے اوجا بھی بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوگئے۔ تاہم کارسل ڈائن کی 39 اور روت کے 36 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کی بدولت راجستھان رائلز ہدف کے تعاقب میں کامیاب رہی۔دریں اثناء آئی پی ایل ٹوئنٹی 20 کے دوسرے میچ چنائی سپر کنگز نے دہلی ڈیئر ڈیولز کو 18 رنز سے ہرا دیا۔ چنائی سپر سٹار نے پہلے کھیلتے ہوئے 163 رنز بنائے۔ دہلی ڈیئر ڈیولز نے جواباً 143 رنز بنائے۔ ان کے کھلاڑی ڈیوڈ وارنر نے 51 اور دنیش کارتک نے 52 رنز بنائے۔ کوئی دوسرا کھلاڑی جم کر نہ کھیل سکا۔ چنائی سپر سٹار کے شاداب جکاتی اور سدیپ نیاگی نے 2 کھلاڑی آئوٹ کیے۔