ٹور میچ : نیوزی لینڈ الیون نے انگلینڈ کو تین وکٹوں سے شکست دیدی

ٹور میچ : نیوزی لینڈ الیون نے انگلینڈ کو تین وکٹوں سے شکست دیدی


کوئنز ٹاﺅن (اے پی پی) نیوزی لینڈ الیون نے انگلینڈ کو چار روزہ ٹور میچ میں 3 وکٹوں سے شکست دے دی۔ فاتح ٹیم نے 334 رنز کا ہدف 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ بی جے واٹلنگ نے 89 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ ہفتہ کو کوئنز ٹاﺅن ایونٹس سینٹر میں میچ کے چوتھے اور آخری روز انگلینڈ نے اپنی دوسری اننگز 256 رنز 9 کھلاڑی آﺅٹ پر ڈیکلیئر کر دی اور نیوزی لینڈ الیون کو جیت کے لئے 334 رنز کا ہدف دیا۔ جواب میں نیوزی لینڈ الیون نے ہدف 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ بی جے واٹلنگ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 89 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ کپتان ٹام لیتھم 48، کورے اینڈرسن 44 ، نیل بروم 41، ہمیش ردرفورڈ 33 اور نیل وینگر 28 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ انگلینڈ کی جانب سے سٹورٹ براڈ، کرس ووکس اور جو روٹ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
 نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 6 سے 10 مارچ تک یونیورسٹی اوول، ڈونیڈن میں کھیلا جائے گا۔