نووک ڈچکووچ نے دبئی اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا

نووک ڈچکووچ نے دبئی اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا


دبئی +میکسیکو سٹی+برازیلیہ+فلوریڈا (سپورٹس ڈیسک+اے پی پی)سربیا کے نووک ڈجکووچ نے دبئی اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا۔ نووک جوکووچ نے فائنل میں ٹام برڈچ کو سات پانچ اور چھ تین سے شکست دی۔ ڈبلز مقابلوں کا فائنل بھارتی ایم بھوپاتھی اور ایم لوڈرا کی جوڑی نے جیت لیا۔ بھوپاتھی اور لوڈرا کی جوڑی نے فائنل میں لنڈ سٹیٹ اور این زیمونک کی جوڑی کو آٹھ چھ اور آٹھ چھ سے شکست دی۔ رافیل نڈال اور ڈیوڈ فیرر نے میکسیکو ٹینس ٹورنامنٹ کے فائنل میں جگہ بنا لی، ویمنز مقابلوں میں سیرا ایرانی اور کرلا سریز نوارو نے فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا ہے۔ اے ٹی پی میکسیو سنگلز ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میں سابق عالمی نمبر ایک اسپین کے رافیل نڈال نے ہم وطن حریف نکولس المیگرو کو سخت مقابلے کے بعد 7-5 اور 6-4 سے شکست دی اور فائنل کے لئے کوالیفائی کیا۔ دوسرے سیمی فائنل میں اسپین ہی کے ڈیوڈ فیرر نے اٹلی کے فیبیو فوگنینی کو کانٹے دار مقابلے کے بعد 6-3 ، 6-7 (5-7 ) اور 6-1 سے شکست دی۔ ویمنز ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میں اٹلی کی سیرا ایرانی نے فرانس کی الیزے کارنیٹ کو سٹریٹ سیٹس میں شکست دی اور فائنل کے لئے کوالیفائی کیا۔ سیرا ایرانی کی جیت کا سکور 6-2 اور 6-1 رہا۔ دوسرے سیمی فائنل میں اسپین کی کرلا سریز نوارو نے ہم وطن حریف سلویہ سولر اسپینوسا کو 6-2 اور 6-1 سے شکست دی۔ رومانیہ کی مونیکا نیکو لسکیو اور فرانس کی اولگا پچکووا نے برازیل ٹینس کپ کے فائنل کےلئے کوالیفائی کر لیا۔ ٹومی ہاس، جان ازنر، ایرنسٹ گلبس اور ایڈورڈ راجر ویسلین نے ڈیلرے بیچ انٹرنیشنل ٹینس ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا۔
سکواش ٹیم کے اعزاز میں تقریب کل ہو گی
لاہور (کامرس رپورٹر) جونیئر ایشین سکواش چیمپئن شپ میں کامیابی حاصل کر نے پر پنجاب سکواش ایسوسی ایشن کی طرف کھلاڑیوں کے اعزاز میں تقریب کل ہو گی۔ مقامی ہوٹل میں ہو نے والی اس تقریب میں قومی جونئیر سکواش کھلاڑیو ں کو نقد انعامات دئیے جائیں گے۔