حیدرآباد ٹیسٹ : آسٹریلیا نے 237 رنز‘ 9 کھلاڑی آﺅٹ پر پہلی اننگز ڈیکلیئر کر دی

حیدرآباد ٹیسٹ : آسٹریلیا نے 237 رنز‘ 9 کھلاڑی آﺅٹ پر پہلی اننگز ڈیکلیئر کر دی

حیدرآباد (اے پی پی) بھارت نے آسٹریلیا کے خلاف دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کھیل ختم ہونے تک پہلی اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 5 رنز بنا لئے۔ حیدرآباد میں شروع ہونے والے دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں آسٹریلوی ٹیم کے کپتان مائیکل کلارک نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو 63 کے مجموعی سکور پر چار مستند بلے باز آﺅٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے، ڈیوڈ وارنر 6 ایڈکوون 4، شین واٹسن 23 اور فلیپ ہیوز 19 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے۔کپتان مائیکل کلارک نے میتھیو ویڈ کے ساتھ مل کر پانچویں وکٹ کی شراکت میں 145 قیمتی رنز جوڑ کر ٹیم کا سکور 208 تک پہنچا دیا، دونوں نے نصف سنچریاں بھی مکمل کیں، میتھیوویڈ 62 رنز بنا سکے، موئسز ہنریکس 5 رنز بنا کر جدیجہ کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے۔ گلین میکسویل بھی 13 رنز بنا کر جدیجہ کی گیند کا ہی نشانہ بنے۔ 236 کے مجموعی سکور پر آٹھویں وکٹ گری جب ہربجن سنگھ نے پیٹرسڈل کو صفر پر ایل بی ڈبلیو کیا۔ مائیکل کلارک 91 کے انفرادی سکور پر جدیجہ نے انہیں کلین بولڈ کر دیا۔ ایک رن کے بعد کلارک نے 237 رنز 9 کھلاڑی آﺅٹ پر اننگز ڈیکلیئر کر دی۔ جیمز پیٹنسن ایک رن کے ساتھ ناٹ آﺅٹ رہے، زیویئردوہرٹی نے ابھی رنزوں کا کھاتہ نہیں کھولا تھا۔ بھنشور کمار اور روندرا جدیجہ نے تین، تین ہربجن سنگھ نے دو اور آر ایشون نے ایک وکٹ حاصل کی۔ بھارتی ٹیم نے پہلے روز کھیل ختم ہونے تک بغیر کسی نقصان کے 5 رنز بنا لئے اور اسے کینگروز کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کےلئے مزید 232 رنز درکار ہیں۔ وریندرسہواگ اور مرلی وجے کی محتاط بیٹنگ جاری ہے۔ سہواگ اور مرلی وجے وکٹ پر موجود ہیں۔