کامن ویلتھ گیمز آج اختتام پذیر ہونگی محمد وسیم نے پاکستان کیلئے چاندی کا تمغہ جیت لیا

کامن ویلتھ گیمز آج اختتام پذیر ہونگی محمد وسیم نے پاکستان کیلئے چاندی کا تمغہ جیت لیا

گلاسگو+کوئٹہ(سپورٹس ڈیسک+نوائے وقت رپورٹ) کامن ویلتھ گیمز میں انگلینڈ 50گولڈ میڈل کے ساتھ سرفہرست، آسٹریلیا دوسرے اور کینیڈا تیسرے نمبر پر ہے۔ سکاٹ لینڈ کے شہر گلاسگو میں کامن ویلتھ گیمز کے دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے جاری ہیں۔ میگا ایونٹ کے نویں روز بھی انگلش کھلاڑی چھائے رہے اور مزید گولڈ میڈل حاصل کئے۔  انگلینڈ 53 گولڈ، 53 سلور اور 50 برانز میڈل کے ساتھ پہلی پوزیشن پر برقرار ہے۔ آسٹریلیا 43 گولڈ، 41 سلور اور 44 برانز میڈل کے ساتھ دوسرے، کینیڈا 30 گولڈ، 16 سلور اور 32 برانز میڈل کے ساتھ تیسرے، میزبان سکاٹ لینڈ 19 گولڈ، 14 سلور اور 19 برانز میڈل کے ساتھ چوتھے اور بھارت 14 گولڈ، 28 سلور اور 18 برانز میڈل کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔ کامن ویلتھ گیمز آج  اختتام پزیر ہوں گے۔ میگا ایونٹ کے آخری روز مزید 11 گولڈ میڈلز مقابلے ہوں گی۔  بیڈمنٹن میں پانچ، سائیکلنگ اور سکواش میں دو، دو جبکہ نیٹ بال اور ہاکی میں ایک ایک گولڈ میڈل کا فیصلہ ہوگا۔ ایونٹ کی اختتامی تقریب ہیمپڈین پارک میں منعقد ہوگی۔کامن ویلتھ گیمز میں پاکستانی باکسر محمد وسیم نے چاندی کا تمغہ حاصل کر لیا۔ باکسنگ کے فلائی ویٹ فائنل میں آسٹریلوی باکسر اینڈریو مولانی نے کامیابی حاصل کی۔ مقابلے کے دوران محمد وسیم کی دائیں آنکھ زخمی ہوئی۔ کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کے میڈلز کی تعداد چار ہوگئی ہے ۔ قومی کھلاڑیوں نے چاندی کے تین اور کانسی کا ایک میڈل جیتا ہے ۔ میڈل ٹیبل پر پاکستان کی 22ویںپوزیشن آگئی ہے۔  وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک نے باکسر محمد وسیم کیلئے دو لاکھ روپے انعام کا اعلان کر دیا۔ باکسنگ میں چاندی کا تمغہ جیتنے پر مبارکباد دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ محمد وسیم نے ملک و قوم کا نام روشن کیا۔ صوبائی وزیر کھیل بلوچستان مجیب الرحمان حسنی نے بھی محمد وسیم کیلئے 2 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا۔