مصباح الحق کو ورلڈکپ 2015 ء تک کپتان مقرر کر کے تمام سازشیں ختم کر دیں : نجم سیٹھی

مصباح الحق کو ورلڈکپ 2015  ء تک کپتان مقرر کر کے تمام سازشیں ختم کر دیں : نجم سیٹھی

لاہور(آئی این پی+نمائندہ سپورٹس)پاکستان کرکٹ بورڈ کی انتظامی کمیٹی کے ازخود سبکدوش ہونے والے چیئرمین نجم سیٹھی نے انکشاف کیا ہے کہ جب انہوں نے چارج سنبھالا تو مصباح الحق کو کپتانی سے ہٹانے کے لئے کھچڑی پک رہی تھی اور میڈیا کے کچھ افراد بھی کپتانی کیلئے اپنے فیورٹ کھلاڑیوں کے لئے مہم چلارہے تھے تاہم انہوں نے مصباح الحق ورلڈ کپ 2015 تک کپتان مقرر کرکے تمام سازشیں ختم کردیں۔  ایک ٹی وی انٹرویو میں نجم سیھٹی نے کہا کہ انہوں نے بورڈ میں غلط کاموں کو روکا اور اچھے تبدیلیاں لانے کے لئے کام کیا جس سے لوگ ان کے خلاف ہوگئے کیونکہ تبدیلیاں چاہے اچھی ہوں یا بری، لانے والے کو متنازع بنادیا جاتا ہے جبکہ جو حالات کو جوں کا توں رکھتا ہے، اسکے خلاف کوئی نہیں ہوتا۔بورڈ میں موجود کرپشن مافیا کو بے نقاب کرتے ہوئے کہا کہ مافیا پر ہاتھ ڈالنے اور تبدیلیاں لانے کے نتیجے میں انکے میڈیا سمیت کئی حلقوں نے ان پر شدید تنقید کی اور انہیں متنازع بنادیا۔ نجم سیٹھی نے انکشاف کیا کہ کرکٹ گیندوں سے لیکر بڑے کنٹریکٹس میں کروڑوں روپے کی کرپشن ہورہی ہے۔ پاکستان میں ڈومیسٹک سیزن کیلئے آسٹریلیا سے کرکٹ گیندیں 12ہزار روپے فی کس کے حساب سے2 کروڑ روپے کی گیندیں نان آفیشل ٹھیکیدار سے خریدی جاری ہیں جو انہیں دبئی سے کم قیمت پر سمگل کرکے پاکستان لارہے ہیں جبکہ آفیشل ٹھیکیدار اس سے کم قیمت پر دینے کیلئے تیار ہے۔ اسکے برعکس، بھارتی بورڈ ایسی گیندیں صرف اہم سیریز کی تیاری میں استعمال کرتا ہے۔ سیاسی بنیادوں پر غیرضروری ملازمین کی نکالنے پر شور مچایا گیا۔ جہاں 3 کی ضرورت ہے وہاں 18 کام کررہے ہیں۔ بگ تھری کے مسئلے پر  ذکا اشرف کی پالیسی سے پاکستان تنہائی کا شکار ہوگیا تھا اورآئی سی سی ارکان نے اسے فیوچر ٹور پروگرام میں یکسر نظر انداز کردیا تھا تاہم میری کوششوں سے پاکستان کو 2023 تک سیریزیں مل گئیں۔  درست نہیں کہ جب آپ کے پاس کھانے کو نہیں اور کرکٹ نہیں ہورہی ہو اور بگ تھری پر اکیلے کھڑے ہوجائیں۔ پی سی بی کے اکائونٹس کا غیر جانبدار فرم سے آڈٹ بھی کرایا اور کروڑوں روپے کے گھپلے منظر عام پر لائے گئے۔یہ خبریں بھی سامنے آ رہی ہیں کہ پی سی بی کا نیا چیئرمین وہی ہو گا جس پر نجم سیٹھی کا دست شفقت ہو گا۔ خبر ہے کہ ’’مسٹر سیٹھی‘‘ عارف عباسی کو چیئرمین بنوانا چاہتے ہیں لیکن نجم سیٹھی نے تردید کرتے ہوئے’ٹویٹ‘‘ کر ڈالا ہے۔ مسٹر نجم عزیز سیٹھی لکھتے ہیں کہ ’’اس میں کوئی حقیقت نہیں کہ میں عارف عباسی کو چیئرمین پی سی بی بنوانے کیلئے لابنگ کر رہا ہوں۔ میرے خیال میں وہ اس ذمہ داری کیلئے ان فٹ ہیں۔