دورہ بنگلہ دیش، قومی کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ 6 اپریل سے شروع: نوجوان کھلاڑیوں کو شامل کرنے کا فیصلہ

دورہ بنگلہ دیش، قومی کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ 6 اپریل سے شروع: نوجوان کھلاڑیوں کو شامل کرنے کا فیصلہ

لاہور(سپورٹس رپورٹر +نمائندہ سپورٹس)بنگلہ دیش کے دورے کی تیاری کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کا مختصر تربیتی کیمپ 6 اپریل سے قذافی سٹیڈیم میں ہوگا۔ قومی ٹیم بنگال ٹائیگرز کے خلاف تین ون ڈے ، ایک ٹی ٹوئنٹی اور دو ٹیسٹ میچز پر مبنی سیریز کھیلے گی۔تمام کوچنگ سٹاف پانچ اپریل تک لاہور پہنچ جائے گا۔پہلا ون ڈے میچ سترہ اپریل بقیہ دو ایک روزہ میچز انیس اور بائیس اپریل کو ہوں گے۔سیریز کا واحد ٹوئنٹی ٹوئنٹی چوبیس اپریل کو کھیلاجائے گا۔پہلا ٹیسٹ اٹھائیس اپریل سے دومئی جبکہ چھ سے دس مئی تک دوسرا ٹیسٹ میچ ہوگا۔نئی سلیکشن کمیٹی نئے کھلاڑیوں کو موقع دینا چاہتی ہے ۔ احمد شہزاد، عمر اکمل، ناصر جمشید اور صہیب مقصود کو ڈراپ جبکہ سمیع اسلم، بابر اعظم اور عمران خان کو شامل کیے جانے کا امکان ہے۔سعید اجمل اور محمد حفیظ کی واپسی ہوگی۔ یونس خان صرف ٹیسٹ سکواڈ میں شامل ہوں گے۔ جنید خان کم بیک کریں گے جبکہ محمد عرفان کو آرام دیا جائے گا۔بنگلہ دیش میں سکیورٹی معاملات کا جائزہ لینے کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ کا وفد واپس وطن پہنچ گیا۔ سکیورٹی وفد آج سکیورٹی کیلئے اقدامات کی رپورٹ پیش کرے گا ۔ دورہ بنگلہ دیش کیلئے تین ٹیموں کا اعلان آج کیا جائے گا۔ نئی سلیکشن کمیٹی کے سربراہ ہارون رشید، اظہر خان، کیبر علی اور سلیم جعفر نے قومی ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کے ناموں کو حتمی شکل دیدی ہے جسے آج چیئرمین پی سی بی کو منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا۔ سلیکشن کمیٹی نے کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیکر ناموں کو فائنل کر لیا ہے۔ دورہ کیلئے تینوں فارمیٹ کی الگ الگ ٹیمیں تشکیل دی جائیں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے 2015ء ورلڈکپ میں قومی ٹیم کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے پانچ رکنی رویو گروپ کا اعلان کر دیا ہے جس کا پہلا اجلاس آج ہوگا۔ ممبران میں چیئرمین پی سی بی شہریار خان، چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی نجم سیٹھی، چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد، وسیم باری اور اقبال قاسم شامل ہیں۔ رویو کمیٹی پاکستان ٹیم کی میگا ایونٹ میں کارکردگی کا جائزہ لیکرسفارشات مرتبہ کرئے گی تاکہ مستقبل میں اس میں بہتری لائی جا سکے۔