ایشین گیمز ہاکی: پاکستان بھارت گولڈ میڈل کیلئے آج مقابلہ کرینگے
انچیون( سپورٹس رپورٹر) ایشین گیمز میں ٹائٹل کا دفاع کرنے کے لیے پاکستان ہاکی ٹیم آج روایتی حریف بھارت کے خلاف میدان میں اترے گی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان میچ پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر تین بجے اور کوریا کے وقت کے مطابق شام سات بجے شروع ہوگا۔ پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان 24 سال قبل چین میں منعقد ہونے والی ایشین گیمز میں پاکستان کو فاتح قرار دیا گیا تھا جبکہ اس سے قبل 1982ء میں دونوں ٹیموں کے درمیان ہونے والے ایشین گیمز کے فائنل میں پاکستان نے بھارت کو سات ایک سے شکست دی تھی۔ دو روایتی حریفوں کے درمیان اب تک ایشین گیمز کے 8 فائنل کھیلے جا چکے ہیں جن میں سے سات میں پاکستان نے بھارت کو شکست دیکر ٹائٹل اپنے نام کر رکھا ہے۔ تاریخ کے اعدادو شمار کے مطابق پاکستان کا بھارت پر پلڑا بھاری دکھائی دیتا ہے۔ ، اب تک پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلے گئے159میچوں میں پاکستان نے 79،بھارت نے52 میچز جیت رکھے ہیں۔ 28 میچ برابر رہے، پاکستان نے 373گول سکور کر رکھے ہیں جبکہ اس کے خلاف306 گول ہوئے ہیں۔ ایشین گیمز میں پاکستان نے13 میچوں میں سے 8 میں کامیابی، 3 میں ناکامی کا سامنا کیا، دومیچ برابر رہے۔ پاکستان نے 27 گول بنائے اور اس کے خلاف 14 گول ہوئے ہیں۔ 2014ء کی ایشین گیمز میں پاکستان نے گروپ میچ میں بھارت کو ایک کے مقابلے میںدوگول سے شکست دی تھی۔فائنل جیتنے والی ٹیم برازیل میں ہونے والے اولمپک گیمز 2016ء کے لئے براہ راست کوالیفائی کر جائے گی‘ ہارنے والی ٹیم کو کوالیفائی رائونڈ کھیلنا پڑے گا ۔