پاکستان بھارت کرکٹ سیریز کا شیڈول جاری‘ مہمان کھلاڑیوں کو سکیورٹی دینگے: سری نواسن

پاکستان بھارت کرکٹ سیریز کا شیڈول جاری‘ مہمان کھلاڑیوں کو سکیورٹی دینگے: سری نواسن

لاہور +نئی دہلی (سپورٹس رپورٹر+نوائے وقت نیوز) بھارتی کرکٹ بورڈ نے پاکستان بھارت کرکٹ سیریز کا شیڈول جاری کر دیا۔ پاکستان کرکٹ ٹیم 22 دسمبر کو بنگلور پہنچے گی۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان پہلا ٹی 20 میچ 25 دسمبر کو بنگلور میں کھیلا جائیگا۔ دوسرا ٹی 20 میچ 27 دسمبر کو احمدآباد میں کھیلا جائیگا۔ پہلا ون ڈے انٹرنیشنل 30 دسمبر کو چنائے، دوسرا ون ڈے 3 جنوری کو کولکتہ، تیسرا ون ڈے 6 جنوری کو نئی دہلی میں کھیلا جائیگا۔ پاکستان کرکٹ ٹیم 7 جنوری کو وطن روانہ ہو گی۔ بی سی سی آئی کے صدر این سری نواسن نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت کرکٹ تعلقات کی بحالی کا سہرا پورے بھارتی بورڈ کو جاتا ہے۔ ہماری حکومت مہمان کھلاڑیوں کی حفاظت کا اچھا بندوبست کرے گی۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سری نواسن نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے شائقین کرکٹ کو اچھا کھیل دیکھنے کو ملے گا۔ ہمارے ملک کے شائقین بھی پاکستان سے میچز کے بے صبری سے منتظر ہیں، حکومت مہمان کھلاڑیوں کو مناسب سکیورٹی فراہم کرے گی ویسے بھی بھارت میں امن و امان کا کوئی مسئلہ نہیں ہے۔