نجم سیٹھی آئی سی سی کی صدارت سے دستبردار، پی سی بی کا ڈاکٹر عبدالقدیرسمیت کئی اہم ناموں پر غور

نجم سیٹھی آئی سی سی کی صدارت سے دستبردار، پی سی بی کا ڈاکٹر عبدالقدیرسمیت کئی اہم ناموں پر غور

لاہور(سپورٹس رپورٹر/ نمائندہ سپورٹس+بی بی سی) پاکستان کرکٹ بورڈ کی گورننگ باڈی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے آئی سی سی کے صدر کا عہدہ سنبھالنے سے معذرت کرلی۔نجم سیٹھی کو یکم جون سے آئی سی سی کی صدارت کا عہدہ سنبھالنا تھا۔نجم سیٹھی نے بی بی سی کو انٹرویو میں کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ’آئی سی سی میں کوئی سابق ٹیسٹ کرکٹر پاکستان کی نمائندگی کرے۔ اگر وہ صدر بن گئے تو پھر کسی سابق کرکٹر کو دس سال بعد آئی سی سی کا صدر بننے کا موقع ملے گا ۔ کسی سابق ٹیسٹ کرکٹر کو موقع ملنا چاہئے۔ واضح رہے کہ نجم سیٹھی اس وقت پاکستان کرکٹ بورڈ کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے چیئرمین ہیں اور آئی سی سی کے قوانین کے تحت وہ دو عہدے ایک ساتھ نہیں رکھ سکتے۔ آئی سی سی ماضی میں بھی پاکستان کرکٹ بورڈ پر یہ واضح کرچکی ہے کہ اگر نجم سیٹھی آئی سی سی کا صدر بنتے ہیں تو انہیں پاکستان کرکٹ بورڈ کا عہدہ چھوڑنا ہوگا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ اپنے طریقہ کار کے تحت کسی سابق کرکٹر کو نامزد کرکے اس کا نام آئی سی سی کی نومینیشن کمیٹی کے پاس بھیجے گا۔ آئی سی سی کے 22 سے 27 جون تک باربیڈوس میں ہونے والے اجلاس میں نئے صدر کی توثیق ہوگی اور وہ یکم جولائی سے اپنا عہدہ سنبھالے گا۔ خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ سابق ٹیسٹ کرکٹر ماجد خان کو نامزد کرے گا۔ نمائندہ سپورٹس اور سپورٹس رپورٹر کے مطابق نامزدگی کا فیصلہ 11,10 جون کو ہونیوالے پی سی بی کے گورننگ بورڈ کے اجلاس میں کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کا نام سرفہرست ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے مختلف ناموں پر غور شروع کردیا۔ نوید اکرم چیمہ کی نامزدگی بھی ہوسکتی ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے سابق صدر احسان مانی کے نام پر بھی غور کیا جارہا ہے۔ ماضی کے عظیم کھلاڑیوں ظہیر عباس، ماجد خان، جاوید میانداد، انضمام الحق، انتخاب عالم، مشتاق محمد، اقبال قاسم، وسیم اکرم کو بھی نامزد کیا جاسکتا ہے۔ پی سی بی نے بڑے ناقدین سرفراز نواز اور محمد الیاس کے نام بھی ترجیحی فہرست میں شامل کررکھے ہیں۔ کرکٹ بورڈ کے سابق چیف ایگزیکٹو عارف علی عباسی، سابق چیئرمین خالد محمود، ڈاکٹر ظفر الطاف اور توقیر ضیاء کے ناموں پر بھی غور ہوگا۔ اگر وزیراعظم نے کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان کو آئی سی سی کے صدر کا عہدہ سنبھالنے کی ہدایت کردی تو انہیں کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کا عہدہ چھوڑ کر آئی سی سی میں جاناہوگا۔