عالمی کپ نہ کھیلنے پر شرمندگی ہے، وعدہ کرتا ہوں پھر یہ دن نہیں آئے گا: رانا مجاہد

اسلام آباد  (اے پی اے) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری رانا مجاہد کا کہنا ہے کہ پہلی بار پاکستان کے عالمی کپ نہ کھیلنے پر انہیں بہت شرمندگی اور دکھ ہو رہا ہے۔  رانا مجاہد نے کہا، وہ وعدہ کرتے ہیں کہ ان کے دور میں پھر یہ دن نہیں آئیگا۔ تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ جب چار بار کی عالمی چیمپئن پاکستانی ٹیم یہ میگا ایونٹ کھیلنے سے محروم ہے۔ رانا مجاہد انیس سو چورانوے میں آخری بار سڈنی ورلڈ کپ میں سرخرو ہونیوالی پاکستانی ٹیم میں کھلاڑی کی حیثیت سے شامل تھے اور حال ہی میں انہوں نے پاکستان ہاکی فیڈریشن میں سیکرٹری کا اہم منصب سنبھالا ہے۔ قومی کھیل کے بہتر مستقبل کے لیے ہاکی اولمپئنز میں ساس بہو کا جھگڑا ختم ہو چکا ہے۔ اس وقت ماضی کے تمام کھلاڑی ایک ہی صفحے پر ہیں اور سب کی خواہش ہے کہ پاکستان ہاکی کو اس کے سنہرے دن لوٹائے جائیں۔وہ ٹیم انتظامیہ کی ہر ممکن مدد کریں گے مگر نتائج کی ذمہ داری سلیکٹرز اور ٹیم مینجمنٹ پر ہی ہو گی۔ہاکی کی بہتری کے لیے سب کی مشاورت سے ٹونٹی ٹونٹی کے نام سے ایک جامع منصوبہ تیار کیا ہے جس کے تحت سب سے پہلے ہم اپنا گھر ٹھیک کریں گے۔ ہاکی کے اس پروگرام میں سکول اور کلب سے ریجن اور جونیئر سطح تک ڈومیسٹک ہاکی کی اصلاح کی جائے گی۔