ورلڈ ہاکی لیگ: برطانیہ نے پاکستان کو ہرا کر اولمپکس کے لئے کوالیفائی کر لیا: قومی ٹیم کیلئے پانچویں پوزیشن ضروری ہوگئی
لاہور+انٹورپ (نمائندہ سپورٹس +نوائے وقت رپورٹ) ورلڈ ہاکی لیگ میں برطانیہ نے پاکستان کو ہرا کر اولمپکس 2016ء کیلئے کوالیفائی کر لیا۔ پاکستان کو اولمپکس کھیلنے کیلئے اب پانچویں پوزیشن حاصل کرنا ہو گی۔ ورلڈ ہاکی لیگ میں برطانیہ نے پاکستان کو 2-1 سے شکست دی۔ برطانیہ کی طرف سے کرس گرفتھن اور الیسٹر براگڈن نے گول کئے۔ پاکستان کی طرف سے عمر بھٹہ نے واحد گول کیا۔ پاکستان نے گول کرنے کے کئی بہترین مواقع ضائع کئے۔ پاکستانی ٹیم کے کپتان محمد عمران نے کہا ہے کہ اگلے میچز بڑے اہم ہیں، اچھی کارکردگی دکھائیں گے۔ اولمپک کوالیفائنگ راؤنڈ میں برطانیہ کیخلاف 2-1 سے شکست کے باوجود بھی پاکستان کی 2016ء کے اولمپک میں جگہ بنانے کی امیدیں اور امکانات موجود ہیں۔ چار کوارٹرفائنلز کی آٹھ ٹیموں میں شکست خوردہ چار ٹیمیں پانچویں، چھٹی، ساتویں اور آٹھویں پوزیشن کیلئے کھیلیں گی۔ پاکستان کو دوسرا میچ جیتنے کے بعد پانچویں اور چھٹی پوزیشن کا میچ بھی جیتنا ہو گا۔ یہ دونوں کامیابیاں ٹیم کو 2016ء اولمپکس میں شرکت کا ٹکٹ دے سکتی ہیں۔ پاکستان اگر دوسرا میچ ہار جاتا ہے تو پھر شرکت کے امکانات ختم ہو جائیں گے۔ آسٹریلیا نے آئرلینڈ کو چار ایک جبکہ پولینڈ نے چین کو چار دو گول سے شکست دیدی۔