نیشنل ہاکی چیمپئن شپ : ریلوے نیشنل بینک واپڈا نے میچز جیت لئے

نیشنل ہاکی چیمپئن شپ : ریلوے نیشنل بینک واپڈا نے میچز جیت لئے

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) 61 ویں پی ایس او نیشنل ہاکی چیمپئن شپ میں ریلوے، نیشنل بنک اور واپڈا کی ٹیموں نے اپنے اپنے میچز جیت لئے۔ چیمپئن شپ میں گذشتہ روز پہلا میچ ریلوے اور سندھ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جس میں ریلوے ٹیم نے پانچ ایک سے کامیابی اپنے نام کی۔ ریلوے کی جانب سے شہریار، جنید منظور، عدیل لطیف، قاسم احمد اور وسیم اکرم نے ایک ایک گول کیا جبکہ سندھ کی جانب سے واحد گول شجاعت علی نے پہلے کوارٹر میں کیا۔ دوسرے میچ میں نیشنل بنک نے اسلام آباد کو 9-0 سے زیر کیا۔ ارسلان قادر نے تین، ایم دلبر اور ایم توثیق نے دو دو جبکہ ایم عتیق اور سبطین نے ایک ایک گول کیا۔ تیسرا میچ واپڈا اور خیبر پی کے ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا‘ واپڈا نے سات صفر سے مات دی۔ واپڈا کے ایم عمران نے تین، اسد بشیر نے دو جبکہ ایم خالد اور تصور عباس نے ایک ایک گول کیا۔ ٹورنامنٹ ڈائریکٹر انجم سعید نے میچ میں تاخیر سے رپورٹ کرنے پر رانا ساجد پر ایک میچ جبکہ 31 دسمبر کو پورٹ قاسم اتھارٹی اور ایچ ای سی کے درمیان کھیلے جانے والے میچ میں ناقص ترین امپائرنگ کرنے والے حافظ عاطف ملک پر تین میچوں کی پابندی عائد کرنے کے احکامات جاری کئے۔