سکواش کے فروغ کیلئے انقلابی اقدامات کر رہے ہیں : طارق فاروق

سکواش کے فروغ کیلئے انقلابی اقدامات کر رہے ہیں : طارق فاروق

لاہور (سپورٹس رپورٹر) پنجاب سکواش ایسوسی ایشن کے سیکرٹری طارق فاروق رانا کا کہنا ہے کہ سکواش کے کھیل میں بے پناہ ٹیلنٹ ہے،گراس روٹ لیول پر کھیل کے فروغ کے لئے انقلابی اقدامات کر رہے ہیں۔ پنجاب سکواش کمپلیکس میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ قومی جونیئرکھلاڑی عاصم نے قطراور دوحہ میں منعقدہ جونیئر سکواش ٹائٹل جیت کر ثابت کیا ہے کہ پاکستان میں باصلاحیت کھلاڑیوں کی کمی نہیں۔ حکومتی سرپرستی نہ ہونے کے باعث ٹورنامنٹ نہ ہونے کے برابر ہیں جس سے نئے کھلاڑی سامنے نہیں آ رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جتنے بھی باصلاحیت کھلاڑی پنجاب سپورٹس کمپلیکس میں پریکٹس کرتے ہیں ان میں سے اکثرغریب گھروں سے تعلق رکھتے ہیں اور انکے پاس اپنے سکواش ریکٹ اور شوز خریدنے کی قوت نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سکواش ایسو سی ایشن پنجاب کی کوشش ہے کہ نئے آنے والے باصلاحیت کھلاڑیوں کو ہرطرح سے سہولیات فراہم کی جائیں اور نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوںکو مختلف محکموں میں ملازمت مل سکے۔