ابوظہبی ٹیسٹ : یونس‘ مصباح کی سنچریاں‘ پاکستان کی پوزیشن مضبوط

ابوظہبی ٹیسٹ : یونس‘ مصباح کی سنچریاں‘ پاکستان کی پوزیشن مضبوط

ابو ظہبی(سپورٹس ڈیسک/آئی این پی)ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کی پہلی اننگز کے 204 رنز کے جواب میں 4 وکٹوں پر 327 رنز بنا کر123 رنز کی سبقت حاصل کر لی۔ پاکستان نے 46 رنز ایک وکٹ کے نقصان پر کھیل شروع کیا تو ایک روزہ میچوں کی سیریز کے ہیرو محمد حفیظ کچھ خاص کارکردگی نہ دکھا سکے اور 59 کے مجموعی سکور پر 11 رنز بنا کر لکمل کی گیند پر کیچ آﺅٹ ہو گئے۔ اس کے بعد یونس خان کھیلنے کیلئے آئے سکور کو 83 کے مجموعہ تک پہنچایا تاہم اس سکو رپر احمد شہزاد 38 رنز بنا کر ارنگا کی گیند پر کیچ آﺅٹ ہو گئے۔کپتان مصباح الحق اور یونس خان نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 217 رنز بنا کر ٹیم کو سری لنکا کے 204 رنز پر سبقت دلا دی۔ یونس خان ‘136 رنز کی خوبصورت اننگز کھیل کر 301 کے مجموعی سکو رپر بولڈ ہو گئے ان کی وکٹ ارنگا نے حاصل کی۔ یونس خان نے کیریئر کی 23ویں سنچری 148گیندوں پر13چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے بنائی۔یونس خان نے سابق کپتان اور ماضی کے عظیم بلے باز جاوید میانداد کا 23 سنچریاں بنانے کا ریکارڈ بھی برابر کر دیا۔یونس خان کی سر ی لنکا کے خلاف کیریئر کی چھٹی سنچری ہے۔ کپتان مصباح الحق 105 اور اسد شفیق12 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے جبکہ پاکستانی ٹیم کو بنگلہ دیش کی ٹیم کے پہلی اننگز کے سکور 204 پر 123 رنز کی برتری حاصل تھی۔ جبکہ یہ مصباح الحق کی ٹیسٹ کیریئر کی پانچویں سنچری تھی۔