قومی ویمنز فٹبال چیمپئن شپ میں 3 میچوں کا فیصلہ

اسلام آ باد (سپورٹس رپورٹر) پاکستان سپورٹس کمپلیکس کے جناح سٹیڈیم میں 5 ویں قومی وومین فٹبال چیمپئن شپ میں مزید تین میچوں کا فیصلہ ہو گیا جس میں سپورٹس سائنسز کی ٹیم نے سندھ کو 5-0‘ ایچ ای سی کی ٹیم نے اسلام آباد کو 1-0 سے ہرا دیا اور ایران کی قومی ٹیم نے بلوچستان یونائیٹڈ کو 8-0 سے ہرا دیا۔ پہلے میچ میں سپورٹس سائنسسز کی ٹیم نے سندھ کے کھلاڑیوں کو اپنے سا منے گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا اور میچ میں ایک بھی گول کرنے کا موقعہ نہ دیا۔ سپورٹس سائنسسز کی جانب سے پہلا گول 9 ویں منٹ میں عائشہ نے کیا جبکہ دوسرا گول نائمہ طفیل نے 34 ویں منٹ میں کیا۔ سپورٹس سائنسسز کو پہلے ہاف میں سندھ کی ٹیم پر 2-0 سے برتری حاصل تھی۔ سپورٹس سائنسسز کی جانب سے میچ کا تیسرا گول عشرت فاطمہ نے 56 ویں منٹ میں کیا۔ سمن نے چوتھا گول 64 منٹ میں کرکے اپنی ٹیم کا سکور 4-0 کر دیا۔ 5 واں گول نائمہ نے 66 ویں منٹ میں کیا۔ دوسرے میچ اسلام آ باد کی ٹیم کو ایچ ای سی کی ٹیم کے ہاتھوں 1-0 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ایچ ای سی کی جانب سے میچ کا واحد گول مدیخہ نے 19 ویں منٹ میں کیا۔ ایچ ای سی اور اسلام آباد کے درمیان میچ جناح اسٹیڈیم کے باہر والے گرائونڈ میں کھیلا گیا۔ تیسرے میچ میں جو فلڈ لائٹس میں کھیلا گیا۔ ایران کی قومی ویمن ٹیم نے بلوچستان یونائیٹڈ کو 8-0 سے ہرا دیا۔