دوسرا ون ڈے : سری لنکا نے پاکستان کو ہرا کر سیریز میں 2-0 سے برتری حاصل کرلی

لندن (بی بی سی ڈاٹ کام) سری لنکا نے پاکستان کو دوسرے ون ڈے میچ میں 6 وکٹوں سے ہرا کر 5 میچوں کی سیریز میں 2-0 سے برتری حاصل کر لی۔ گذشتہ روزبلے بازوں کی ایک اور مایوس کارکردگی کے سبب پاکستانی ٹیم سری لنکا کے خلاف دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں صرف 168 رنز بناسکی۔ ایک موقع پر وہ سری لنکا میں اپنے سب سے کم اسکور 122 کے ریکارڈ کو بہتر کرنے کی پوزیش میں دکھائی دے رہی تھی جب 87 رنز پر اس کے سات کھلاڑی آؤٹ ہوچکے تھے تاہم نچلے نمبروں پر کچھ رنز بننے سے وہ اس خفت سے بچ گئی۔ محمد عامر نے 24 رنز کے ساتھ اپنا نام سکور کارڈ میں ٹاپ اسکورر کے طور پر درج کرایا جبکہ تشارا تین وکٹوں کے ساتھ کامیاب بولرز رہے۔ محمد یوسف اور مصباح الحق کی جگہ ناصر جمشید اور عمراکمل کو ٹیم میں جگہ ملی۔ عمراکمل کا یہ پہلا ون ڈے انٹرنیشنل ہے اور انہوں نے اپنے بھائی کامران اکمل کے ساتھ ایک ہی ون ڈے انٹرنیشنل میں شرکت کرنے والی پانچویں پاکستانی جوڑی ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔ میچ کی پہلی گیند سے جو تباہی شروع ہوئی اس کے اثرات آگے چلتے ہوئے گہرے ہوتے چلے گئے۔ ناصر جمشید کو کولوسیکرا کی گیند پر سلپ میں مہیلا جے وردھنے نے کیچ کرلیا۔ چھٹے اوور میں کامران اکمل نے بھی پویلین کی راہ لی۔ 13 رنز پر ان کی وکٹ تشارا نے سنگاکارا کے کیچ کے ذریعے حاصل کی۔ پاکستان کا اسکور اسوقت 21 رنز تھا۔ اسی اسکور پر شعیب ملک تشارا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو قراردیئے گئے۔ عمراکمل اور یونس خان طوفان میں ٹھہراؤ لانے کی کوشش کرتے نظر آئے لیکن نوجوان عمراکمل 18 رنز بناکر اپنے کپتان کا ساتھ چھوڑگئے۔ انہیں میتھیوز کی گیند پر سنگاکارا نے کیچ کیا۔ پاکستان کی پانچویں وکٹ 67 کے اسکور پر گری جب فواد عالم نے بھی 10 رنز بناکر تشارا کی گیند پر سنگاکارا کو کیچ تھمادیا۔ پاکستان کے لئے سب سے مایوس کن لمحہ کپتان یونس خان کا آؤٹ ہونا تھا جو 23 رنز بناکر مرلی دھرن کی گیند پر کاپوگدیرا کو کیچ دے گئے۔ اگلی وکٹ صرف 9 رنز کے اضافے پر گری جب مرلی کی گیند پر جے سوریا نے کیچ لے لر 7 رنز بنانے والے شاہد آفریدی کو بھی واپسی کی راہ دکھائی۔ عمرگل 14 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے جبکہ عبدالرزاق کو 17 رنز پر سنتھ جے سوریا کی گیند پر تشارا نے کیچ کرلیا۔ محمد عامر اور سعید اجمل نے آخری وکٹ کی شراکت میں قیمتی 40 رنز کا اضافہ کیا۔ سعید اجمل 16 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے جبکہ عامر 24 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ سری لنکا نے ہدف 4 وکٹوں پر حاصل کر لیا‘ کپوگدارا نے ناقابل شکست 67رنز بنائے‘ سمارا ویرا 38‘ جے وردھنے 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے‘ پاکستان کے محمد عامر‘ عبدالرزاق اور شاہد آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔کپوگدارا کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔