بنگلہ دیش نے ویسٹ انڈیز کو ٹیسٹ اور ون ڈے میں کلین سویپ کرکے نئی تاریخ رقم کردی

سینٹ کیٹس (اے پی پی) بنگلہ دیش نے ویسٹ انڈیز کو تیسرے اور آخری ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں 3 وکٹوں سے ہرا کر ٹیسٹ کے بعد ون ڈے سیریز میں بھی کلین سویپ کرکے نئی تاریخ رقم کر دی۔ بنگلہ دیش کے محمد اﷲ کو شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر میچ اور شکیب الحسن کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ ویسٹ انڈیز کے آندرے فلیچر کے 52، فلائیڈ ریفر اور سمے کے 40-40 رنز بھی ٹیم کو فتح نہ دلا سکے۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 47.4 اوورز میں 248 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی بنگلہ دیش نے ہدف 48.5 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر کے ویسٹ انڈیز کوون ڈے سیریز میں کلین سویپ کر دیا۔ بنگلہ دیش کی ٹیم نے پہلی مرتبہ ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹ سیریز جیت کر ایک نئی تاریخ رقم کی جس پر بنگلہ دیش بھر میں جشن کا سماں اور تمام بڑے شہروں میں لوگ اپنے قومی پرچم لے کر سڑکوں پر نکل آئے اور اپنی ٹیم اور کھلاڑیوں کے حق میں نعرے بازی کی۔ ویسٹ انڈین کپتان فلائیڈ ریفر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاول کوئی رن بنائے بغیر محبوب عالم کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ سمتھ 4 رنز‘ فلیچر 52 رنز‘ ڈولن 38 رنز‘برنارڈ 1 رن‘ فلائیڈ ریفر 40 رنز‘ سمے 40 رنز، ملر 13 رنز، روئچ 10 رنز اور ٹانگ ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ جواب میں بنگلہ دیش کی طرف سے تمیم اقبال اور جنید صدیقی نے شاندار انداز میں اننگز کا آغاز کیا اور تمیم اقبال 30 رنز بنا کر سمے کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ محمد اشرفل 19 رنز‘رقیب الحسن 5 رنز‘ شکیب الحسن 16رنز‘جنید صدیقی 55 رنز‘ مشفیق الرحیم 31 رنز ‘ نعیم الاسلام 26 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ محمد اﷲ 51 اور عبدالرزاق 6 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ تھے کہ بنگلہ دیش مطلوبہ ہدف 48.5 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرکے ویسٹ انڈیز کو ایک روزہ میچ میں 3 وکٹوں سے شکست دے کر ٹیسٹ کے بعد ون ڈے سیریز میں بھی کلین سویپ کر دیا۔