قومی کرکٹرز کا سکلز کیمپ جاری‘ انضمام الحق نے کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کرنا شروع کر دیا
لاہور (نمائندہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر) دورہ انگلینڈ کے لیئے قومی کرکٹرز کا تربیتی کیمپ لاہور میں دوسرے روز بھی جاری ہے۔ چیف سلیکٹر انضمام الحق نے حتمی سکواڈ کے لئے کھلاڑیوں شارٹ لسٹ کرنا شروع کردیا۔ٹیسٹ سکواڈ کا اعلان پانچ جون کو کیا جائے گا۔گرین شرٹس کی سلیکشن کے لیے کوچز کی خاص نظرہے۔ نیٹ سیشن میں بلے بازوں کی انگلش وکٹوں پر پریکٹس کروائی جارہی ہے۔بالرز کی لائن و لینتھ پر کام تیز کردیا گیا ہے۔ چیف سلیکٹر انضمام نے کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کرنا شروع کردیا۔ کیمپ کے نگران مشتاق احمد کے کھلاڑیوں کے ساتھ انفرادی سیشن بھی ہورہے ہیں۔گرانٹ لیوڈن اور گرانٹ فلاور بھی ایکشن میں ہیں اور کھلاڑیوں کی تیکنیک بہتر بنانے کے لیے کام کررہے ہیں فزیوشان ہیز نے کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لے کر ان کی فٹنس پر بھی کام شروع کردیا ہے۔ ٹیسٹ سکواڈ سے محمد حفیظ آوٹ اور دو وکٹ کیپرز کو شامل کرنے پر غور شروع ہو گیا۔قذافی سٹیڈیم لاہور میں جاری قومی کرکٹرز کے سکلز کیمپ میں چیف سلیکٹر انضمام الحق سمیت سلیکشن کمیٹی کھلاڑیوں کی کاکردگی کا جائزہ لے رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق سلیکشن کمیٹی انگلینڈ کے خلاف سکواڈ میں دو وکٹ کیپرز شامل کرنے پر غور کرر ہی ہے جب کہ سلیکٹرز کو ٹیسٹ سیریز تک محمد حفیظ کے فٹ ہونے کی امید نہیں ہے۔گوروں کے دیس پانچ فاسٹ باولرز میں محمد عامر ، وہاب ریاض ، راحت علی ، عمران خان سینئر اور احسان عادل کے نام سرفہرست ہیں۔ یاسر شاہ کی فٹنس میں نمایاں بہتری آئی ہے جبکہ ذوالفقار بابر دوسرے سپنر ہو سکتے ہیں۔ اظہر علی سے اوپننگ اورافتخار احمد کو بھی شامل کرنے کا قوی امکان ہے۔اگر مکی آرتھر کیمپ ختم ہونے تک پاکستان نہ پہنچ سکے تو ٹیم کے سلیکشن کے لیے فون پر ان کی رائے لی جائے گی۔پاکستانی ٹیم اٹھارہ جون کو انگلینڈ روانہ ہوگی۔ دورے کے باقاعدہ آغاز سے پہلے تمام کھلاڑی ہمپشائر میں کیمپ میں حصہ لیں گے جس کا مقصد کھلاڑیوں کو انگلینڈ کے موسمی حالات سے ہم آہنگ کرنا ہے۔پاکستانی ٹیم انگلینڈ کے دورے کی ابتدا سمرسٹ اور سسیکس کے خلاف دو فرسٹ کلاس میچز سے کرے گی۔پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ چودہ جولائی سیلارڈز میں کھیلا جائے گا۔