ٹیسٹ رینکنگ: بلے بازوں میں یونس خان پانچویں‘ مصباح الحق دسویں پوزیشن پر موجود
لاہور (نمائندہ سپورٹس/ سپورٹس رپورٹر ) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری کر دی ‘ بائولرز میں انگلینڈ کے جیمز اینڈرسن پہلے نمبر پر جبکہ بلے بازوں میں سٹیو سمتھ پہلے نمبر پر براجمان ہیں۔ بائولرز میں پہلے نمبر پر انگلینڈ کے فاسٹ بائولر جیمز اینڈرسن ہیں جنہوں نے اپنے ہی ہم وطن بائولر سٹورٹ براڈ کو پیچھے دھکیل دیا ہے۔ دوسرا نمبر بھارت کے سپنر ایشون کا ہے جبکہ سٹورٹ براڈ دو درجے تنزی کے بعد پہلی سے تیسری پوزیشن پر چلے گئے ہیں۔ بائولرز کی رینکنگ میں پاکستانی سپنر یاسر شاہ چوتھی پوزیشن پر براجمان ہیں۔بلے بازوں کی رینکنگ میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی جس کے مطابق آسٹریلیا کے سٹیو سمتھ پہلے اور انگلینڈ کے جو روٹ تیسرے نمبر پر ہیں جبکہ پاکستان کے یونس خان پانچویں اور مصباح الحق دسویں پوزیشن پر موجود ہیں۔