قومی کبڈی ٹیم کی بھارت روانگی میں تاخیر‘ آج ویزے ملنے کا امکان

قومی کبڈی ٹیم کی بھارت روانگی میں تاخیر‘ آج ویزے ملنے کا امکان


لاہور (سپورٹس رپورٹر) بھارتی سفارتخانے کی جانب سے ویزوں کی تاخیر کی وجہ سے پاکستان ٹیم کی عالمی کپ کبڈی ٹورنامنٹ کے لیے روانگی میں ایک روز کی تاخیر ہو گئی ہے۔ پاکستان کبڈی ٹیم نے میگا ایونٹ میں شرکت کے لئے آج واہگہ بارڈر کے راستے بھارت روانہ ہونا تھا لیکن ویزوں کا حصول ممکن نہ ہونے کی وجہ سے قومی ٹیم شیڈول کے مطابق روانہ نہیں ہو سکے گی۔ پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکرٹری رانا محمد سرور کے مطابق بھارتی سفارتخانہ سے رابطے میں ہیں اور صبح دس بجے بلایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی سفارتخانے کی جانب سے یکم دسمبر کو ویزے جاری کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے اگر ویزے مل گئے تو قومی ٹیم اتوار کی صبح واہگہ بارڈر کے راستے روانگی ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کی تیاری مکمل ہے انشااﷲ اچھے نتائج دے گی۔ ٹیم کے انتخاب میں میرٹ کی پالیسی پر سختی سے عمل کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ عالمی کپ ٹورنامنٹ میں پاکستان ٹیم کا پہلا میچ 3 دسمبر کو ہوگا۔

پی سی بی کا 5 رکنی وفد آج بھارت روانہ ہو گا
لاہور (سپورٹس رپورٹر) دورہ بھارت کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے پاکستان کرکٹ بورڈ کا پانچ رکنی وفد آج بھارت روانہ ہوگا۔ بھارت روانہ والے وفد میں پولیس کے اعلیٰ افسر سمیت وفاقی وزیر جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ سے عثمان واہلہ، ڈائریکٹر ویجیلنس احسان صادق اور میڈیا منیجر ندیم سرور شامل ہیں۔وفد تمام ان شہروں کا دورہ کریگا جہاں قومی کرکٹ ٹیم نے میچز کھیلے جانے ہیں۔