پاکستان سری لنکا کے درمیان دوسرا ٹی ٹونٹی میچ آج ہو گا، مالنگا کی کپتانی خطرے میں پڑ گئی
لاہور(سپورٹس ڈیسک )پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز کا دوسرا میچ آج کولمبو میں کھیلا جائے گا۔میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے چھ بجے شروع ہوگا۔ پاکستان کو سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے ۔سری لنکن کپتان لاستھ مالنگانے پاکستان کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں شکست کا ذمے دار خود کو قرار دیتے ہوئے خدشتہ ظاہر کیا ہے کہ انہیں قیادت سے ہٹایا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ میں ذاتی طور پر اس شکست کی ذمہ داری لیتا ہوں اور کپتان ہونے کے باوجود موجودہ کارکردگی کی وجہ سے اس وقت میری ٹیم میں جگہ خطرات سے دوچار ہے۔میں زیادہ اچھی باؤلنگ نہیں کر سکا، ٹی ٹوئنٹی میں تجربہ کار باؤلر ہونے کے باوجود میں ٹیم کیلئے کچھ نہ کر سکا، اگر ہمیں میچز جیتنے ہیں تو مجھے بہتر کارکردگی دکھانا ہو گی۔ٹیم میں مجھ سے بہتر باؤلر ہو سکتا ہے، میں یہ معاملہ سلیکٹرز کو سونپتا ہوں، وہ مجھے کسی بھی وقت ٹیم سے نکال سکتے ہیں۔ اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا آپ کون ہیں لیکن کسی کو بھی اس بات کی گارنٹی نہیں دی جا سکتی کہ آپ کتنے عرصے تک سری لنکا کی نمائندگی کریں گے۔ٹی ٹوئنٹی کے اختتامی اوورز میں یارکر مالنگا کا سب سے کامیاب اور خطرناک ہتھیار رہی ہے لیکن اب ان کی وہ یارکر بھی دیکھنے میں نظر نہیں آتی۔ قومی کرکٹ ٹیم آج کا میچ جیت گئی تو ٹی 20 رینکنگ میں پانچویں سے تیسری پوزیشن پر آجائیگی جبکہ سری لنکا کی پہلی پوزیشن برقرار رہے گی۔